0
Monday 24 Dec 2012 12:32

ایران کیخلاف اقتصادی پابندیاں کارگر ثابت نہیں ہونگی، ترقی وپیشرفت کا سفر جاری رکھیں گے، احمدی نژاد

ایران کیخلاف اقتصادی پابندیاں کارگر ثابت نہیں ہونگی، ترقی وپیشرفت کا سفر جاری رکھیں گے، احمدی نژاد
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے عالمی پابندیوں سے ایران کی معیشت مفلوج نہیں ہوگی، ایران اپنے دشمنوں کے ساتھ معاشی جنگ ذہانت سے لڑ رہا ہے۔ ہم امریکہ سمیت اپنے دشمنوں کو معاشی پابندیوں کو بطور ہتھیار استعمال نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی توجہ تیل کے علاوہ دیگر اشیاء کی برآمداد میں اضافے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی طاقتوں نے یہ سوچ کر پابندیاں عائد کی ہیں کہ ایران معاشی طور پر غیر مستحکم ہوجائے گا اور بالآخر ایٹمی پیداوار کے حوالے سے مذاکرات کی میز پر آنے کیلئے مجبور ہوجائے گا، لیکن یہ ان کی غلط فہمی ہے، پابندیوں کی وجہ سے ایرانی تیل کی فروخت میں تھوڑی کمی ضرور ہوئی ہے، لیکن ہمارے پاس اس بحران سے نکلنے کے کئی راستے موجود ہیں۔ 

ایرانی صدر احمدی نژاد نے کہا کہ میں یہ نہیں بتاؤں گا کہ دشمنوں نے ہم پر کس طرح کا دباؤ ڈالا اور ہم اس سے کیسے نمٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل عالمی پابندیوں کے پیش نظر ہم اپنی معیشت کی ترقی کے لیے صرف تیل پر انحصار کرنے کے بجائے دیگر ذرائع آمدنی کو استعمال کرنے کا طویل مدتی منصوبہ بنا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران کے ایٹمی پروگرام پر تحفظات کے بعد امریکہ اور یورپی یونین نے ایران کو ایٹمی پروگرام پر پیش رفت سے باز رکھنے کے لیے معاشی پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں۔ ایران کے تیل کی برآمد کو روک دیا ہے اور اسے عالمی بینکنگ سسٹم تک بھی رسائی نہیں دی جا رہی جس کی وجہ سے ایرانی معیشت گزشتہ چند ماہ سے دباو کا شکار ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق اسلامی جمہوری ایران، اپنے تجربے کار ماہرین اور نئی عالمی ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے پٹروکیمیکل کے شعبے میں اپنی صنعتی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں کامیاب رہا ہے۔ ایران کے وزیر پٹرولیم  رستم قاسمی نے کل تہران میں اندرونی توانائی کے فروغ سے متعلق چوتھی قومی کانفرنس سے اپنے خطاب میں کہا کہ حالیہ برسوں کے دوران ایران کی پٹروکیمیکل کی صنعتی پیداوار میں قابل ذکر اضافہ ہوا ہے اور مستقبل قریب میں یہ پیداوار سالانہ ایک کروڑ ٹن تک پہنچ جائیگی۔ انھوں نے ایران کے تیل کی صنعت کے خلاف مغرب کی پابندیوں کو تہران پر دباؤ ڈالنے کیلئے عالمی طاقتوں کا آخری حربہ قرار دیا اور تاکید کے ساتھ کہا کہ ایران، تیل اور گیس کے عظیم ذخائر سے سرشار ہے اور آئندہ ڈیڑھ صدی سے زائد عرصے تک ایران میں تیل نکلنے کا عمل جاری رہے گیا۔
خبر کا کوڈ : 224373
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش