0
Tuesday 25 Dec 2012 22:47

قائداعظم (رہ) کی فکر کو زندہ رکھنا موجودہ دور میں ناگزیر ہے، علامہ صادق رضا تقوی

قائداعظم (رہ) کی فکر کو زندہ رکھنا موجودہ دور میں ناگزیر ہے، علامہ صادق رضا تقوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی نے یوم ولادت قائداعظم محمد علی جناح (رہ) کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ قائداعظم (رہ) کی فکر کو زندہ رکھنا موجودہ دور میں ناگزیر ہے کیونکہ ان کی فکر روح اسلام کے مطابق تھی اور وہ صرف ایک مخصوص دور تک نہیں بلکہ ہر دور کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی جب ہم قائداعظم (رہ) کے افکار پر نظر ڈالتے ہیں تو ہمیں غفلت کی نیند اور غلامی سے نجات کا درس ملتا ہے لیکن آج حالات بالکل اس کے برعکس ہیں کیونکہ آج کا حکمران غلامی کی زنجیروں میں جکڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح علامہ اقبال (رہ) کا خواب شرمندہ تعبیر کیا گیا تھا اگر آج دو قومی نظریے پر عمل کیا جائے تو مملکت خداداد کو موجودہ بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہے۔

علامہ صادق رضا تقوی کا کہنا تھا قائداعظم (رہ) ایک نڈر، بے باک اور اصول پسند سیاستدان تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی مسلمان قوم کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے وقف کردی تھی۔ قائداعظم (رہ) ایک عہدساز شخصیت کے حامل تھے، جن کا نام رہتی دنیا تک باقی رہے گا، ان کا شمار دنیا کے عظیم سیاستدانوں میں ہوتا ہے، اگر آج کے سیاستدان واقعاً پاکستان کو ترقی کے منازل کی طرف لے کر جانا چاہتے ہیں تو اسے قائداعظم (رہ) کے بتائے ہوئے اصولوں پر عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان حاصل کرنے کا مقصد یہ تھا کہ مسلمان اپنے مذہب و عقیدہ کے مطابق آزادی سے زندگی گزار سکیں، جہاں پر عدل، انصاف، اخوت اور مساوات کا بول بالا ہو مگر آج کا پاکستان اس سے یکسر مختلف ہے کیونکہ یہاں پر کرپشن، عدم تحفظ، بددیانتی اور استحصال کا راج ہے۔
خبر کا کوڈ : 224918
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش