0
Tuesday 25 Dec 2012 23:14

اسلام میں تمام آسمانی کتابوں اور انبیاء کا احترام کیا جاتا ہے، میاں آصف محمود

اسلام میں تمام آسمانی کتابوں اور انبیاء کا احترام کیا جاتا ہے، میاں آصف محمود
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان میاں آصف محمود اخوانی نے کرسمس کے موقع پر اپنے وفد کے ہمراہ بشپ ہائوس ملتان کینٹ کا دورہ کیا، جہاں پر فادر عمانوئیل شریف اور بشپ ہائوس کے کوآرڈی نیٹررضا سلیم نے ان کے وفد کااستقبال کیا۔ میاں آصف اخوانی نے فادر عمانوئیل شریف اورکوآرڈی نیٹررضا سلیم کو مبارکباد دی اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آصف محمود اخوانی نے کہا کہ تمام آسمانی کتابیں امن و محبت، رواداری اور بھائی چارے کا درس دیتی ہیں۔ جب تک لوگ آسمانی کتابوں سے تعلیمات حاصل کرتے رہے اس وقت تک دنیا میں امن و انصاف کا بول بالا رہا ہے۔ اسلام میں تمام آسمانی کتابوں اور انبیاء کا احترام کیا جاتا ہے۔ کوئی بھی شخص اس وقت تک مسلمان نہیں ہوسکتا جب تک وہ اللہ کی تمام کتابوں اور پیغمبروں پر ایمان نہ لے آئے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن درس دیتا ہے کہ ہم مل جل کر رہیں۔ تمام پاکستانی آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ ہمیں مل کر پاکستان کی تعمیر وترقی کیلئے کام کرنا چاہئے۔ 

اس موقع پرفادر عمانوئیل شریف نے کہا کہ دنیا میں مسلمان اور عیسائی واحد قوم ہیں جو ایک اللہ پر ایمان لاتے ہیں۔ عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات پر عمل کرکے دنیا میں امن قائم کیا جاسکتا ہے۔ جماعت اسلامی کے وفد میں عبدالمحسن شاہین، کلیم اکبر صدیقی، حلقہ پی پی199کے اُمیدوار چودھری ظفر اقبال، مدرسہ جامع العلوم کے نائب مہتمم حافظ محمد اسلم، عبدالرحمن قریشی، شیخ عبدالماجد، چودھری محمد امین اور زبیر صدیقی شامل تھے۔ وفد نے فادر عمانوئیل شریف اور رضا سلیم سے ڈاکٹر بشب اینڈ ریو فرانسس کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
خبر کا کوڈ : 224919
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش