0
Tuesday 25 Dec 2012 23:08

طاہر القادری کی پاکستان آمد مغربی ایجنڈے اور خصوصی مشن سے خالی نہیں، مفتی محمد نعیم

طاہر القادری کی پاکستان آمد مغربی ایجنڈے اور خصوصی مشن سے خالی نہیں، مفتی محمد نعیم
اسلام ٹائمز۔ جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم مفتی محمد نعیم نے کہا ہے کہ ملک کو کسی امپورٹڈ لیڈر کی ضرورت نہیں ہے، الیکشن قریب آنے پر خود ساختہ جلاوطنی اختیار کرکے عمر باہر گزارنے والے غیر ملکی شہریوں کو ملک و قوم کی فکر کھائے جانے لگی، ملک و قوم کیساتھ مذہبی طبقے کو بدنام کرنے کا خاص مشن لیکر پاکستان نمودار ہوئے ہیں۔ طاہر القادری کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آیا، جتنا پیسہ جلسے پر لگایا اس کا بیس فیصد بھی اگر مل جائے تو اس سے زیادہ لوگوں اور کئی گنا بڑا جلسہ ہم کرلیں گے۔ برساتی مینڈکوں کو قوم مسترد کرتی ہے، ذرائع ابلاغ کی جانب سے غیر ملکی شہری کو اہمیت دینا افسوسناک ہے، قلم و قرطاس اور ذرائع ابلاغ کے ذمہ داروں سے اپیل ہے کہ صحافت کے مقدس پیشے کو آلودہ کرنے والوں کا بائیکاٹ کریں اور اپنی صفوں سے باہر نکالیں۔

جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمد نعیم نے طاہر القادری کے لاہور میں جلسے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستانی قوم کی قیادت کرنے والے بہت آجاتے ہیں لیکن اس قوم کی رہنمائی کرنے والا آج تک نہ مل سکا، موصوف کی پاکستان آمد مغربی ایجنڈے اور خصوصی مشن سے خالی نہیں، ساری عمر باہر اور خود ساختہ جلاوطنی اختیار کرنے والے کو آخر آج کیا ضرورت پڑی کہ پاکستان کی سیاست میں اچھل کود شروع کرے۔ انہوں نے اسٹیبلشمنٹ کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کو کسی امپورٹڈ وزیراعظم یا لیڈر کی ضرورت نہیں، اس لئے ناپاک عزائم سے باز رہا جائے اور قوم کے جذبات سے مزید نہ کھیلا جائے، قوم الیکشن کے دنوں میں نکلنے والے برساتی مینڈکوں کو مسترد کرتی ہے، مغرب کی شہریت اختیار کرکے وہاں کی وفاداری کا حلف اٹھانے والا کبھی بھی پاکستان کا وفادار نہیں رہ سکتا ہے۔

انہوں نے ذرائع ابلاغ کی جانب سے ایک غیر ملکی شہری کی جلسے کی طویل لائیو کوریج پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس شخص کی نہ سیاسی شناخت ہو نہ مذہبی، میڈیا کی جانب سے اس کو تین گھنٹے مسلسل اہمیت دینا قوم کو بہت کچھ سوچنے پر مجبور کر رہا ہے کہ یہ مبینہ 13 کروڑ روپوں کا کمال ہے یا پھر ’’ اوپر ‘‘ کے احکامات کی بجا آوری، میڈیا کے جانبدارانہ رویئے سے بہت کچھ صاف ظاہر ہوجاتا ہے۔ مفتی محمد نعیم نے کہا کہ صحافت مقدس پیشہ اور ریاست کا پانچواں ستون ہے لیکن کچھ زرد صحافت کے علمبردار اس مقدس پیشے کو آلودہ کر رہے ہیں، اس لئے قلم و قرطاس اور ذرائع ابلاغ کے ذمہ داروں سے اپیل ہے کہ صحافت کے مقدس پیشے کو آلودہ کرنے والی کالی بھیڑوں کا فی الفور مکمل بائیکاٹ کرکے اپنی صفوں سے باہر نکال دیں۔
خبر کا کوڈ : 224924
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش