0
Thursday 27 Dec 2012 18:24

دہشت گردی کا خاتمہ صرف مذمتوں سے نہیں ہو گا قابل عمل منصوبہ بنانا ہو گا، فضل کریم

دہشت گردی کا خاتمہ صرف مذمتوں سے نہیں ہو گا قابل عمل منصوبہ بنانا ہو گا، فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ بندوق کو سیاست سے خارج کرنا ہو گا، وفاق بچانے کے لیے نفاق ختم کرنا ہو گا، دہشت گرد مضبوط اور ریاست کمزور ہو گئی ہے، دہشت گردی کا خاتمہ صرف مذمتوں سے نہیں ہو گا، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوئی قابل عمل منصوبہ نہیں بنایا گیا، بروقت انتخابات ہی معاشی، سماجی اور سیاسی استحکام کا واحد راستہ ہیں۔

کراچی کا دورہ مکمل کر کے لاہور پہنچنے پر ائیرپورٹ پر میڈیا اور پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر آئینی راستہ ملک و قوم کے لیے خودکشی کا راستہ ہے، انتخابات ملتوی کرنا ملک کو بند گلی میں دھکیلنے کے مترادف ہو گا، کراچی مقتل بن چکا ہے، آئندہ الیکشن پاکستان کے لیے زندگی اور موت کی حیثیت رکھتے ہیں، کراچی میں بدامنی، خوف اور وحشت کا راج ہے، دولت بذریعہ سیاست اور سیاست بذریعہ دولت کی روش بدلے بغیر نیا پاکستان نہیں بن سکتا۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ ملک کے غریب عوام بھوک سے مر رہے ہیں اور لیڈر اقتدار کی رسہ کشی میں مصروف ہیں،جمہوریت میں جمہور کی شرکت یقینی بنائی جائے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ صحیح قیادت کے انتخاب سے ہی قائداعظم کے پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکے گی، ہم پاکستان میں عالمی ایجنڈے کی مزاحمت جاری رکھیں گے، پاکستان کا ایٹمی پروگرام امریکہ کا ہدف ہے لیکن پاکستان کی قوم اپنے لہو سے پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کا دفاع کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک خون میں نہا رہا ہے اور لیڈر مصلحتوں کا شکار ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کی جنگ میں اسی ارب ڈالر اور چالیس ہزار جانوں کا نقصان برداشت کر چکا ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ استحصال کا مقابلہ استدلال سے کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ غریب کش نظام ختم کر کے ہی حقیقی جمہوریت لائی جا سکتی ہے۔ مغربی جمہوریت نے ملک و قوم کو کچھ نہیں دیا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ماضی اور حال کی حکومتوں نے پاکستان کو بازیچۂ اطفال بنا دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 225525
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش