QR CodeQR Code

ہم جماعت اسلامی اور جے یو آئی کے خلاف نہیں ہیں، تحریک طالبان پاکستان

28 Dec 2012 00:31

اسلام ٹائمز: نجی ٹی وی کے مطابق ٹی ٹی پی کی جانب سے جاری ایک خط میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے بارے میں خاموش نقطہ نظر اپنایا ہوا ہے جبکہ اے این پی اگر امریکی حمایتی پالیسیوں پر معافی مانگے تو اسکی مخالفت چھوڑنے کو تیار ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے حکومت کو جنگ بندی کی مشروط پیشکش کر دی ہے۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے لکھے گئے ایک خط میں کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان میں نیا آپریشن ناکام رہے گا اور ان طالبان کو بھی لڑنے پر مجبور کیا جائے گا جو امن کو ترجیح دیتے ہیں۔ طالبان کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی اور جے یو آئی کے خلاف نہیں ہیں تاہم ان جماعتوں کو بھی سوچ سمجھ کر بیانات دینے چاہئیں، مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے بارے میں خاموش نقطہ نظر اپنایا ہوا ہے جبکہ اے این پی اگر اپنی امریکی حمایتی پالیسیوں پر معافی مانگے تو ان کی مخالفت چھوڑنے کو تیار ہیں۔ 

ایک اور نجی ٹی وی کے مطابق تحریک طالبان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے بتایا ہے کہ وہ پاکستانی حکومت کے ساتھ معنی خیز مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ تحریک طالبان نے جنگ بندی اور مصالحت کی مشروط پیش کش کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر حکومت اسلام سے ہم آہنگ خارجہ پالیسی نافذ کردے، ملک کے اندر جنگی پالیسیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے افغان جنگ کی شراکت داری ختم کرے اور ملک سے اسلام سے متصادم قوانین کو منسوخ کرکے قرآن و سنت کی روشنی میں آئین پاکستان کا اجرا کرے تو جنگ ختم ہوسکتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 225614

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/225614/ہم-جماعت-اسلامی-اور-جے-یو-آئی-کے-خلاف-نہیں-ہیں-تحریک-طالبان-پاکستان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org