0
Saturday 29 Dec 2012 00:51

ایران کو پرامن ایٹمی توانائی کے حصول کا مکمل حق حاصل ہے، سرگئی لاوروف

ایران کو پرامن ایٹمی توانائی کے حصول کا مکمل حق حاصل ہے، سرگئی لاوروف
اسلام ٹائمز۔ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوری ایران کو عالمی ایٹمی توانائی ایجسنی (آئی اے ای اے) کی نگرانی میں پرامن مقاصد کے لئے ایٹمی انرجی کے حصول اور استعمال کا مکمل حق حاصل ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کے روز "انٹرفیکس" کو دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں کیا۔ روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری کو ایران کی طرف مثبت قدم بڑھانا چاہیئے اور مرحلہ وار ایران کے خلاف عائد اقتصادی پابندیوں کو ختم کر دینا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی اے ای اے کی رپورٹس کے مطابق ایران کے ایٹمی پروگرام میں کسی قسم کے انحراف کے کوئی شواہد نہیں ملے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے حکام اور ایرانی رہنماوں کے درمیان ہونے والے آخری مذاکرات میں باہمی تعاون کو بڑھانے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کو حل کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
 
سرگئی لاوروف نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ جنوری میں آئی اے ای اے کے حکام اور ایرانی قیادت کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں دونوں فریق کسی فائنل نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔ روس کے وزیر خارجہ نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف طاقت کے استعمال سے علاقائی اور بین الاقوامی سکیورٹی خطرات سے دوچار ہو جائے گی۔ انہوں نے ایران کے ایٹمی مسئلے کو حل کرنے کے لئے ایران کے ساتھ مذاکرات کرنے والے تمام فریقین کو تاکید کی کہ وہ مذاکرات کے پراسیس کے دوران کسی بھی دھونس اور دھمکی سے گریز کریں۔

یاد رہے کہ امریکہ، اسرائیل اور ان کے اتحادی بار بار ایران پر ایٹمی پروگرام کو فوجی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے رہے ہیں، جب کہ جمہوری اسلامی ایران کا کہنا ہے کہ ایٹمی عدم پھیلاو کے معاہدے این پی ٹی پر دستخط کرنے اور آئی اے ای اے کا رکن ہونے کی حیثیت سے اسے ایٹمی توانائی کے پرامن استعمال کا مکمل حق حاصل ہے۔
خبر کا کوڈ : 225977
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش