0
Saturday 29 Dec 2012 12:51

حکومت امریکی دبائو کو مسترد کرتے ہوئے ایران پاکستان گیس پائپ لائن کو مکمل کرے، وسیم اختر

حکومت امریکی دبائو کو مسترد کرتے ہوئے ایران پاکستان گیس پائپ لائن کو مکمل کرے، وسیم اختر
 اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ انتخابات بروقت، آزادانہ اور منصفانہ ہونے چاہئیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مسلح افواج سمیت ہر طرح کی معاونت اور مالی طور پر خود مختیار بنایا جائے۔ انتخابات کا التوا کسی صورت بھی قبول نہیں ہے۔ اس وقت ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کوفنڈز مہیا کئے جارہے ہیں جو کہ وہ اپنے حلقہ جات میں عوام کی رائے کو خریدنے کیلئے استعمال کررہے ہیں۔ الیکشن کمیشن ان فنڈز کا نوٹس لے بڑے تعمیراتی منصوبہ جات جاری رہنے چاہئیں۔ ممبران کی اپنی صوابدید پر کرائے جانیوالے تعمیراتی کاموں کو روکا جائے۔ جماعت اسلامی پاکستان کراچی جو کہ ملک کی معاشی حب ہے اس میں روزانہ گرائی جانیوالی بیسیوں لاشوں اور دہشت گردی کی مذمت کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر جماعت اسلامی '' دارالسلام '' میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل رائو ظفر اقبال، ضلعی امیر میاں آصف محمود اخوانی،کنور محمد صدیق بھی ان کے ہمراہ تھے۔ 


انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے واقعات کی ذمہ دار ایم کیو ایم ہے جس نے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور بوری بند لاشوں کی بنیاد رکھی ہے۔ تمام دینی و سیاسی جماعتوں کو متحد ہوکر کراچی کیلئے امن اتحاد بنانا چاہئے اور دہشت گردوں کے ٹولے کو کراچی وحیدرآباد سے شکست دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی دفاع پاکستان کونسل کے جنوری میں ہونیوالے کراچی کے امن مارچ کا خیر مقد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے انتظامی یونٹس کیلئے بنایا جانیوالاقومی کمیشن خوش آئند ہے۔ تمام انتظامی یونٹس عوام کی اُمنگوں کے مطابق بہاولپور صوبے کی بحالی جنوبی پنجاب و ہزارہ صوبے بروقت بنائے جائیں۔
 
اُنہوں نے کہا کہ حکومت کے تمام تر دعوئوں اور فوجی آپریشن کے باوجود دہشت گردی کے خاتمے کی بجائے مسلسل اضافہ ہورہا ہے اب یہ سلسلہ پارٹی رہنمائو ں تک پہنچ گیا ہے۔ پشاور ائیرپورٹ پر حملہ اور بشیر احمد بلور کی شہادت ہماری دہشت گردی کے خلاف جنگ کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس جنگ میں قوم کے78ارب ڈالر جھونک دیئے گئے ہیں۔ جبکہ امریکہ کی طرف سے جنگ میں معاونت کے نتیجے میں صرف4.6ارب ڈالر ملے ہیں۔ 35سے40ہزار لوگ نام نہاددہشت گردی کے خلاف جنگ کی نظر ہو چکے ہیں۔ قوم پہلے ہی فاقے زدہ ہے حکومت اس قسم کے تکلیف دہ فیصلے کرنے سے باز رہے۔ ان مسائل کا ایک ہی حل ہے کہ وہ امریکی دبائو کو مسترد کرتے ہوئے ایران پاکستان گیس پائپ لائن کو مکمل کرے۔ تاکہ صنعت و ملکی معیشت کو استحکام حاصل ہو۔
خبر کا کوڈ : 226047
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے