0
Saturday 29 Dec 2012 15:40

کراچی میں کینٹ اسٹیشن کے قریب بس میں زوردار دھماکا، 6 ہلاک، 40 سے زائد زخمی

کراچی میں کینٹ اسٹیشن کے قریب بس میں زوردار دھماکا، 6 ہلاک، 40 سے زائد زخمی
اسلام ٹائمز۔ کراچی کے علاقے کینٹ اسٹیشن کے باہر مسافر بس میں زور دار دھماکا ہوا ہے، جس میں 6 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے جبکہ متعدد گاڑیوں اور قریبی دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کینٹ اسٹیشن کے باہر کراچی سے سرگودھا جانے والی مسافر بس میں زوردار دھماکا ہوا ہے جس سے بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی، دھماکے میں 6 افراد جاں بحق اور خواتین اور بچوں سمیت 40 سے زائد افراد زخمی ہوگئے جنہیں ایمبولینسوں کے ذریعے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے تاہم ان میں کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ ڈاکٹر سیمی جمالی نے 6 جاں بحق افراد اور 40 سے زائد زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کرنے کی تصدیق کی ہے جبکہ مزید زخمیوں کو بھی لایا جارہا ہے، کئی کی حالت تشویشناک ہے۔

دھماکے سے بس کی چھت اڑ گئی اور اس میں آگ لگ گئی جبکہ قریب کھڑی موٹر سائیکل تباہ ہوگئی، دھماکے سے قریبی دکانوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا اور شیشے ٹوٹ گئے، کئی گاڑیوں، ٹھیلوں اور پتھاروں میں آگ لگ گئی، دھماکے کے بعد علاقے میں دھویں کے بادل اٹھنے لگنے اور افراتفری پھیل گئی۔ پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے دھماکے کی جگہ کو گھیرے میں لے لیا جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ دوسری جانب واقعے کے کافی دیر بعد فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بجھانے پہنچا، دھماکے کے بعد دیگر گاڑیوں میں نصب گیس سلنڈر بھی پھٹے۔ ترجمان سندھ پولیس عمران شوکت کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت سے متعلق معلوم کررہے ہیں جبکہ زخمیوں اور جاں بحق افراد کو اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد کراچی کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 226127
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش