QR CodeQR Code

پانچ سالوں میں جمہوریت کے نام پر عوام سے بدترین انتقام لیا گیا، مفتی لیاقت علی رضوی

29 Dec 2012 16:13

اسلام ٹائمز: ڈویژنل صدر سُنی تحریک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روٹی، کپڑا اور مکا ن کا نعرہ لگانے والوں نے قوم کو صرف غربت، مہنگائی اور بدامنی دی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سُنی تحریک کے ڈویژنل صدر مفتی لیاقت علی رضوی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے سیاہ کارنامے تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں۔ گذشتہ پانچ سالوں میں جمہوریت کے نام پر عوام سے بدترین انتقام لیا گیا۔ روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والوں نے قوم کو صرف غربت، مہنگائی اور بدامنی دی ہے۔ کر پشن، لوٹ کھسوٹ اور ناقص حکومتی پالیسیوں نے ملک کو مقروض اور معیشت کو مفلوج کر دیا ہے۔ پانچ سالہ حکومتی سیاہ دور میں فرینڈلی اپوزیشن بھی برابر کی حصہ دار رہی ہے۔ عوام کو طفل تسلیوں کے سوا کچھ نہیں دیا گیا، الیکشن کے سیزن میں ترقیاتی کام کے نام پر ''سیاسی رشوت'' دینے کی ناکام کاشش کی جارہی ہے۔ آنیوالی نسلیں بھی انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی اور اسلام آباد کے ضلعی عہدیداروں اور رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کھانسی کے شربت سے جان بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی ہے۔ کھانسی کے شربت سے لاہور کے بعد گوجرانوالہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بڑی تعداد میں ہلاکتوں کی ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہو تی ہے۔ انہوں نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کا اعلان عوام دشمن فیصلہ ہے، قیمتوں میں کمی نہ کی گئی تو عوام خود کشیوں پر مجبور ہوجائینگے۔

گھریلو صارفین پہلے ہی گیس اور بجلی سے محروم ہیں اوپر سے انکے بلوں میں اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی میں اضافہ ملکی سلامتی کیلئے انتہائی خطرناک ہے حکومت کیساتھ ساتھ سیاسی و مذہبی جماعتوں کو دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات اور جدوجہد کرنا ہوگی۔ اس موقع پر پاکستان سنی تحریک راولپنڈی کے ضلعی صدرعلامہ طاہراقبال چشتی، اسلام آبادکے ضلعی صدرعلامہ وسیم عباسی، راولپنڈی کینٹ کے صدرصاحبزادہ عبدالرحمن سیالوی، حلقہ PP-10 سے سُنی تحریک کے امیدوارملک عبدالرؤف، انجینئرمحمدنجم الثاقب، ڈاکٹرمحمدطیب رضا، علامہ تنویرحسین قادری، پیرسیدحمیدحسین شاہ، میڈیاکوآرڈینیٹر رضوان محبوب قریشی اوردیگربھی موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 226137

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/226137/پانچ-سالوں-میں-جمہوریت-کے-نام-پر-عوام-سے-بدترین-انتقام-لیا-گیا-مفتی-لیاقت-علی-رضوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org