0
Saturday 29 Dec 2012 21:53

جماعت اسلامی کسی بھی بہانے عام انتخابات ملتوی نہیں ہونے دیگی، پروفیسر ابراہیم خان

جماعت اسلامی کسی بھی بہانے عام انتخابات ملتوی نہیں ہونے دیگی، پروفیسر ابراہیم خان
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم اور عوامی تائید کے بل بوتے پر جماعت اسلامی آئندہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریگی اور صوبہ خیبر پختونخوا میں جماعت اسلامی حکومت بنائیگی۔ جبکہ آئندہ وفاقی حکومت کی تشکیل میں بھی جماعت اسلامی اہم کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں ہوگی۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے شعبہ نشر و اشاعت کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مماش خیل دائود شاہ ضلع بنوں میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینکڑوں افراد نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ جماعت اسلامی ضلع بنوں کے امیر مفتی صفت اللہ نے بھی تقریب خطاب کیا۔ 

اس موقع پر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی بھی بہانے عام انتخابات ملتوی نہیں ہونے دیگی۔ جماعت اسلامی نے آئندہ انتخابات کے لئے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا ہے۔ قبل ازیں دفتر جماعت اسلامی ضلع بنوں میں جماعت اسلامی کے کارکنوں کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنی انتخابی حکومت کا اعلان عام انتخابات کے اعلان کے بعد کریگی۔ مسلم لیگ ن، تحریک انصاف سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ انتخابی مفاہمت کے حوالے سے جماعت اسلامی کے مذاکرات ہوئے ہیں تاہم ابھی تک کسی بھی جماعت کے ساتھ انتخابی مفاہمت یا سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکمران ٹولے نے پاکستان کو تباہی و بربادی کے دھانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ جماعت اسلامی برسر اقتدار آکر کر ملک کو بدامنی، مہنگائی، بیروزگاری اور لوڈشیڈنگ سے نجات دلائیگی۔
خبر کا کوڈ : 226258
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش