0
Monday 29 Mar 2010 09:17

اسرائیل ناسور ہے مسلم ممالک میں فلسطین ڈیسک قائم کی جائیں،گول میز کانفرنس

اسرائیل ناسور ہے مسلم ممالک میں فلسطین ڈیسک قائم کی جائیں،گول میز کانفرنس
 کراچی:اسلام ٹائمز-روزنامہ جسارت کے مطابق فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان (PLF)کے زیر اہتمام فلسطین کی موجودہ صورتحال اور اسرائیلی بربریت کے خلاف صدائے احتجاج بلندکرنے کے لیے کراچی پریس کلب میں گول میز کانفرنس کا انعقاد بعنوان”محصورین فلسطین اور ان کی پکار“کیا گیا۔فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کی گول میز کانفرنس سے پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر تعلیم پروفیسر این۔ڈی۔خان،پاکستان مسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنما اور سابق گورنر سندھ ممنون حسین،جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ اور سابق سینیٹر علامہ عباس کمیلی،عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی رہنما امین خٹک،جماعت اسلامی کراچی کے امیر اور سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی،پروفیسر ڈاکٹر طلعت وزارت ،پاکستان عوامی تحریک کے علی اوسط،کراچی پریس کلب کے جنرل سیکرٹری اے ایچ خانزادہ،جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما شبیر ابو طالباور فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماﺅں بشمول مظفر ہاشمی،علامہ آفتاب حیدر جعفری،اسامہ بن رضی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی ریاست کے یہودی بستیوں کے منصوبے مسلمانوں کی نسل کشی کے مترادف ہیں،پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اسرائیل ملوث ہے،پاکستان کی صحافی برادری مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہے،دنیا بھر کے حکمران امریکی کاسہ لیسی میں مصروف عمل ہیں۔تمام مسلم ممالک اپنے ملکوں میں فلسطین ڈیسک کا قیام عمل میں لائیں۔
فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما پروفیسر این ڈی خان نے کہا کہ مسئلہ فلسطین امت مسلمہ کا اہم ترین مسئلہ ہے،انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں اور سامراجی طاقتوں نے ہمیشہ مسئلہ فلسطین کو منفی طور پر پیش کیا اور کبھی اس کے حل کے لیے مثبت اقدامات نہیں کیے گئے،انہوں نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کو متحد ہو کر مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے کوشاں ہونا ہو گا۔
گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنما اور سابق گورنر سندھ ممنون حسین نے کہا کہ غزہ کی سرحد پر مصری اقدام فلسطینیوں کی جاری تحریک کے خلاف اسرائیلی سازشوں کا حصہ ہے،مسلم ممالک کی امریکا نواز پالیسیوں نے آج فلسطین کی آزادی کی تحریک کو نقصان پہنچایا ہے۔حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فلسطینی محصورین کی مدد کے لیے کردار ادا کیا جائے اور پارلیمنٹ میں قرارداد منظور کی جائے۔ 
سربراہ جعفریہ الائنس پاکستان علامہ عباس کمیلی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین اہم ترین نوعیت کا مسئلہ ہے اقوام عالم میں امت مسلمہ کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ وہ اپنا کردار موثر طور پر ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل آج تمام مسلمانوں کے لیے ناسور ہے اسرائیل نے دنیا بھر میں مسلمانوں پر شب خون مار رکھا ہے اور پاکستان میں ہونے والے دہشت گردانہ واقعات میں بھی اسرائیل ہی ملوث ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں صرف مسئلہ فلسطین ہی نہیں بلکہ عالم اسلام کے تمام مسائل کا حل تلاش کرنا ہو گا۔
 عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی رہنما امین خٹک نے کہا کہ مسئلہ فلسطین صرف مسلم امہ کا مسئلہ ہی نہیں بلکہ انسانیت کا مسئلہ ہے،انہوں نے کہا کہ ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو تعلیم و تربیت کے میدان میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہو گا اور ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی عالمی سامراج کے خلاف سر گرم عمل ہونا ہو گا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ امریکا،برطانیہ اور ہندوستان اسرائیل کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ عالم اسلام اور عرب ممالک کے حکمرانوں کا کردار بھی اس حوالے سے کچھ بہتر نہیں رہا ،انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کی تنظیم OIC اور عرب لیگ کا کردار بھی نہایت مایوس کن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے اور اسرائیل سے تعلق رکھنے والے ممالک سے سفارتی تعلقات ختم کری،انہوں نے عالم اسلام سے اپیل کی کہ تمام مسلم ممالک اپنے ملکوں میں فلسطین ڈیسک کا قیام عمل میں لائیں اور اسرائیلی بربریت کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں۔



خبر کا کوڈ : 22687
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش