0
Monday 31 Dec 2012 23:43

الطاف حسین کی معروف کالم نگار حسن نثار سے ٹیلیفونک گفتگو، لانگ مارچ پر تبادلہ خیال

الطاف حسین کی معروف کالم نگار حسن نثار سے ٹیلیفونک گفتگو، لانگ مارچ پر تبادلہ خیال
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ انقلاب اب ملک کا مقدر بن چکا ہے اور ملک بھر کے محروم و مظلوم عوام کو ملک کا فرسودہ نظام اور اپنی تقدیر بدلنے کی جدوجہد سے روکا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے یہ بات ملک کے ممتاز دانشور، محقق، تاریخ داں اور کالم نگار حسن نثار سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ الطاف حسین نے ڈاکٹر طاہر القادری کی حمایت کے حوالے سے تمام سوالوں کے تفصیلی جوابات دیے۔ الطاف حسین نے حکومت پنجاب کی جانب سے ڈاکٹر طاہر القادری کی سیکوریٹی واپس لینے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں انقلاب کیلئے بیداری کی اس لہر سے حکومت پنجاب بری طرح بوکھلا چکی ہے اور اس نے ڈاکٹر طاہر القادری کی سیکوریٹی واپس لیکر انتہائی اوچھا، بھونڈا اور ظالمانہ اقدام کیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی سیکوریٹی فی الفور واپس کی جائے اور ان کی حفاظت کا بندوبست کیا جائے اور اوچھے ہتھکنڈے بند کئے جائیں ورنہ حکومت پنجاب کو بھی اس کا خراج ادا کرنا ہوگا۔

الطاف حسین نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو ایم کیو ایم سے دور رکھنے اور انہیں ورغلانے کیلئے طرح طرح کے پروپیگنڈے اور سازشیں کی گئیں اور ایم کیو ایم کو پنجاب میں پھیلنے نہیں دیا گیا لیکن قدرت نے ایسے حالات پیدا کردیئے ہیں کہ فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے خاتمہ کیلئے پنجاب سے آج ڈاکٹر طاہر القادری کی شکل میں ایک بھرپور آواز اٹھی ہے جو ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر ملک میں انقلاب کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ کراچی سے خیبر تک ایک ہی آواز ہے کہ ملک میں انقلاب برپا کیا جائے، انقلاب کا یہ سفر اب شروع ہوچکا ہے جس کا راستہ اب روکا نہیں جاسکتا۔ الطاف حسین نے کہا کہ ملک میں حقیقی تبدیلی، فرسودہ جاگیردارانہ نظام اور کرپشن کے خاتمہ کی خواہش رکھنے والے سچے لکھاریوں، قلم کاروں اور دانشوروں کو بھی چاہیے کہ وہ انقلاب کی اس جدوجہد میں قلم کے ذریعے اپنا حصہ ڈالیں۔
خبر کا کوڈ : 226943
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش