QR CodeQR Code

دفاع پاکستان کونسل کا 11 جنوری کو کراچی سے اسلام آباد تک ہونے والا امن مارچ موخر

1 Jan 2013 00:21

اسلام ٹائمز: لیاقت بلوچ کی زیرصدارت منصورہ میں ہونے والے اجلاس میں دفاع پاکستان کونسل کے رہنمائوں نے باہمی مشاورت سے موسم کی خرابی کے باعث امن مارچ کو موخر کرتے ہوئے کہا کہ نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ دفاع پاکستان کونسل کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کی زیرصدارت منصورہ (لاہور) میں منعقد ہوا۔ جلاس میں جماعتہ الدعوہ کے مرکزی رہنما امیر حمزہ، جماعت اسلامی پنجاب کے سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ، حافظ ساجد انور، قاری یعقوب شیخ، مولانا شمس الرحمن معاویہ اور سید عبدالوحید شاہ شریک تھے۔ دفتر جماعت اسلامی ملتان سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام آنے والے دنوں میں مختلف پروگرامات ترتیب دیئے گئے اور ان کی تاریخوں کا تعین اور انتظامات کاجائزہ لیا گیا۔
 
اجلاس میں دفاع پاکستان کونسل کے رہنمائوں نے باہمی مشاورت سے خرابی موسم کے باعث 11 جنوری کو کراچی سے اسلام آباد تک شروع ہونے والے امن مارچ کو موخر کر دیا۔ اس امن مارچ کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ اسی طرح دفاع پاکستان کونسل 5 جنوری کو یوم حق خود ارادیت برائے کشمیر اور 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر پورے ملی جوش و جذبے کے ساتھ منائے گی۔ 5 فروری کی مناسبت سے ملک بھر کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز پر کشمیر کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی اور کارواں نکالے جائیں گے ۔

جبکہ دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی قائدین مولانا سمیع الحق، سید منورحسن، حافظ محمد سعید، جنرل ( ر) حمید گل، مولانا احمد لدھیانوی، شیخ محمد رشید و دیگر رہنما 5 فروری کو راولپنڈی سے اسلام آباد تک کشمیر کارواں کی قیادت کریں گے۔ بعد ازاں لیاقت بلوچ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد، جماعت اہلسنت والجماعت کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی، جمعیت علمائے اسلام (س) کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالرف فاروقی کو فون کر کے دفاع پاکستان کونسل کی سٹیرنگ کمیٹی کے فیصلوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ تمام قائدین نے ان فیصلوں کی مکمل تائید کی۔


خبر کا کوڈ: 226946

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/226946/دفاع-پاکستان-کونسل-کا-11-جنوری-کو-کراچی-سے-اسلام-آباد-تک-ہونے-والا-امن-مارچ-موخر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org