0
Tuesday 1 Jan 2013 21:25

پنجاب میں مذہبی ہم آہنگی کیلئے صوبائی اَمن کمیٹی تشکیل دی جائے گی، گورنر پنجاب

پنجاب میں مذہبی ہم آہنگی کیلئے صوبائی اَمن کمیٹی تشکیل دی جائے گی، گورنر پنجاب
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ صوبے میں ایک فعال اور متحرک صوبائی اَمن کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں تمام مکتبہ فکر کے علمائے کرام، مذہبی جماعتوں کی قیادت اور مقتدر رہنماؤں کے علاوہ چیف سیکرٹری پنجاب اور انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب بھی شامل ہوں گے، اَمن کمیٹی نہ صرف اَمن و امان کو قائم رکھنے اور بھائی چارے کو فروغ دینے میں اہم کر دار ادا کرے گی بلکہ اس سے صوبے میں باہمی اتحاد و یگانگت اور رواداری کو بھی فروغ ملے گا۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں جمعیت علمائے اسلام کے 13 رُکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت مولانا رشید احمد لدھیانوی نے کی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ گڈ گورننس اولین ترجیح ہے، تمام مکتبہ فکر کے علمائے کرام ہمارے لیے انتہائی قابلِ احترام ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ علمائے کرام نے ہمیشہ ملکی فلاح و بہبود اور امن و امان بحال رکھنے میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے۔ گورنر نے کہا کہ اسلام کی آفاقی تعلیمات بنی نوع انسان کی بھلائی کیلئے مکمل ضابطہ حیات ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو اسوہ حسنہ اور اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنا ہو گا اور وطن عزیز کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے حکومتی کاوشوں میں بھرپور کردار ادا کر کے دشمنان اسلام کی کاوشوں کو ناکام بنانا ہو گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کو غیر مستحکم نہیں ہونے دیا جائے گا اور ملکی سلامتی اور بقاء کے لیے ہم سب کو مل کرفعال کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے ہم سب کو مل کر ایک مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنا ہو گا جس سے ملک سے دہشت گردی اور فرقہ واریت کا خاتمہ ہو اور ملک اقتصادی طور پر بھی مستحکم ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے نفرتوں کی سیاست کو ختم کرنا ہے اور ایک نئی لہر اُمنگ اور سوچ کو ساتھ کر ایسی جمہوری روایات کو فروغ دینا ہے جو ملک و قوم کی خوشحالی اور استحکام کی ضامن بن سکے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ جمہوریت میں اپوزیشن کا کردار اور اہمیت کسی طرح بھی حکومت سے کم نہیں ہوتی، اپوزیشن کی مثبت اور تعمیری تنقید جمہوریت میں حکومت کے لیے سودمند ثابت ہوتی ہے اور اس سے اصلاح کا پہلو نکلتا ہے۔

اس موقع پر وفد کے سربراہ مولانا رشید احمد لدھیانوی نے گورنر پنجاب کو جمعیت العلمائے اسلام اور مولانا فضل الرحمان کی طر ف سے اُن کو گورنر پنجاب کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وفد نے گورنر پنجاب کو یقین دلایا کہ انہیں امن کمیٹی کے حوالے سے جو بھی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی انہیں نبھانے کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ وفد میں مولانا جمیل الرحمان، مولانا محمد امجد خاں، حاجی فیاض حسین، حاجی عبدالرشید بھٹی، حافظ محمد ابوبکر چوہدری، مولانا ذکریا شاہ، حافظ اطہر عزیز، حاجی محمد قیوم، محمد افضل خاں اور حاجی احسان الحق شامل تھے۔
خبر کا کوڈ : 227197
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش