QR CodeQR Code

گلگت بلتستان حکومت کا خزانہ خالی، ریٹائرڈ سرکاری ملازمین پینشن سے محروم ہوگئے

2 Jan 2013 14:33

اسلام ٹائمز: اس موقع پر پنشینرز نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں فوری ادائیگی نہیں کی گئی تو وہ سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے، جس کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوگی۔


اسلام ٹائمز۔ صوبائی حکومت کا اکاؤنٹ خالی ہونے کے بعد محکمہ خزانہ کے حکام نے پنشینرز کو ان کی پینشن کی ادائیگی سے معذرت کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق منگل کے روز ریٹائرڈ افراد اپنی پینشن بک کے ہمراہ محکمہ خزانہ کے دفتر گئے جہاں سے انہیں یہ کہہ کر واپس کردیا گیا کہ فی الحال خزانہ خالی ہے، اس لئے ایک ہفتے بعد رابطہ کریں اگر فنڈز منتقل ہوگئے تو ادائیگی کردی جائیگی ورنہ انتظار کریں۔ اس موقع پر پنشینرز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سال کے پہلے ہی دن خزانہ خالی ہوا ہے خدا خیر کرے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی سیٹ اپ ملنے سے علاقے کے عوام میں امید کی نئی کرن پیدا ہوگئی تھی اور اقتصادی حوالے سے مضبوط ہونے کے خواب دیکھے جا رہے تھے مگر معلوم نہیں تھا کہ یہ دن بھی دیکھنا پڑے گا کہ خزانے میں پینشن کی رقم ادا کرنے کے لئے بھی فنڈز نہیں ہونگے۔

انہوں نے نہایت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 6 ماہ قبل بجٹ کا اعلان ہوا ہے مگر ابھی تک ریلیز نہیں ملی ہے جبکہ حکمرانوں نے گلگت بلتستان آکر بلند و بانگ دعوے کرتے ہوئے اربوں کے اعلانات کئے لیکن ان پر عملدرآمد کرانا بھول گئے۔ پنشینرز نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں فوری ادائیگی نہیں کی گئی تو وہ سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے، جس کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 227218

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/227218/گلگت-بلتستان-حکومت-کا-خزانہ-خالی-ریٹائرڈ-سرکاری-ملازمین-پینشن-سے-محروم-ہوگئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org