QR CodeQR Code

صدر اور وزیراعظم کی ملاقات، نگراں حکومت کے قیام اور لانگ مارچ کے حوالے سے بات چیت

2 Jan 2013 15:06

اسلام ٹائمز: ملاقات کے موقع پر صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کا تسلسل جاری رہے گا، موجودہ حکومت اپنی پانچ سالہ آئینی مدت کو پورا کرے گی۔


اسلام ٹائمز۔ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے درمیان بلاول ہاؤس کراچی میں ہونے والی ملاقات میں سیاسی اور امن و امان کی صورت حال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے صدر کو اتحادی جماعتوں سے حالیہ دنوں میں ہونے والی بات چیت سے بھی آگاہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران حکومت کے قیام کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی جبکہ 14 جنوری کے لانگ مارچ پر بھی اجلاس میں غور کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر زرداری نے وزیراعظم کو ایم کیو ایم سمیت تمام اتحادی جماعتوں سے رابطہ کرکے ان سے موجودہ سیاسی صورت حال پر حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

ملاقات کے موقع پر صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کا تسلسل جاری رہے گا، موجودہ حکومت اپنی پانچ سالہ آئینی مدت کو پورا کرے گی، آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر شفاف طریقہ سے منعقد کراکے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کریں گے، آئندہ انتخابات میں جو جماعت عوام کے ووٹوں سے کامیاب ہوئی اس جماعت کو آئینی طریقے سے اقتدار منتقل کیا جائے گا، جمہوریت کے خلاف کی جانے والی تمام سازشوں کو عوام کے تعاون سے ناکام بنا دیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 227370

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/227370/صدر-اور-وزیراعظم-کی-ملاقات-نگراں-حکومت-کے-قیام-لانگ-مارچ-حوالے-سے-بات-چیت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org