0
Wednesday 2 Jan 2013 16:10

فسکل کلف معاہدے پر دستخط، مضبوط معیشت کی جانب پہلا قدم

امریکیوں پر ٹیکس کا بوجھ کم کرنے کیلئے بل ایوان نمائندگان میں منظور
فسکل کلف معاہدے پر دستخط، مضبوط معیشت کی جانب پہلا قدم
 اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر بارک اوبامہ نے ایوان نمائندگان کی جانب سے معاشی بحران کو ٹالنے کے بل کی منظوری کو معیشت کو مضبوط کرنے کا پہلا قدم قرار دیا ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ بل منظور ہو جانے سے امریکی معیشت کو اگلے سال معاشی بحران سے بچایا جاسکے گا۔ امریکی کانگریس میں ہونے والی رائے شماری میں فسکل کلف کو مزید ٹالنے کے لئے جو بجٹ بل پیش کیا گیا تھا۔ اس کے حق میں آنے والے ووٹوں کی تعداد دو سو ستاون جبکہ اس کے مخالف وٹوں کی تعداد ایک سو سرسٹھ تھی۔ 

سابق صدر جارج ڈبلیو بش کے دور میں منظور کئے گئے ٹیکسوں میں کمی کو اکتیس دسمبر دوہزار بارہ کو ختم ہونا تھا۔ بجٹ بل پاس ہو جانے کے باعث اٹھانوے فیصد کم آمدنی والے افراد پر ٹیکس میں کمی، بیس کروڑ بے روزگار افراد کے لئے مراعات اور چھوٹی کمپنیوں کے ٹیکس مراعات جاری رکھی جائیں گی۔ امریکی حکومت نے حکومتی اخراجات میں کمی کو دو ماہ کے لئے موخر کر دیا ہے۔ امریکی حکومت نے دو فیصد دولت مند امریکیوں پر ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ کر دیا ہے، جس سے اس کو چھ سو ارب ڈالرز اضافی حاصل ہوں گے۔

دیگر ذرائع کے مطابق امریکہ میں معاشی بحران پر قابو پانے کے لیے ایوان نمائندگان میں پیش کیا جانے والا بل کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا ہے۔ بل کے حق میں 257 اور مخالفت میں 167 ووٹ آئے۔ منظوری کے بعد یہ بل صدر براک اوباما کو بھیج دیا گیا ہے، جو اس پر دستخط کریں گے۔ بل میں عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنے اور انہیں مزید معاشی فوائد دینے کی تجاویز شامل ہیں۔ بل میں تعلیم، صحت اور سوشل سکیورٹی کے حوالے سے نئی اصلاحات بھی متعارف کرائی گئی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 227396
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش