0
Wednesday 2 Jan 2013 21:45

عوامی لانگ مارچ، 14 جنوری سے پہلے طاہرالقادری کو نظر بند کردیا جائے، طلال بگٹی

عوامی لانگ مارچ، 14 جنوری سے پہلے طاہرالقادری کو نظر بند کردیا جائے، طلال بگٹی
اسلام ٹائمز۔ جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نواب طلال اکبر بگٹی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری جمہوری نظام کے خلاف متحرک ہیں، انہیں 14 جنوری کے لانگ مارچ سے پہلے نظر بند کر دیا جائے تو امن و امان کا مسئلہ پیدا نہیں ہوگا۔ سمن آباد لاہور کے علاقے پکی ٹھٹھی میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما چودھری باقر حسین کی طرف سے دیئے گئے ظہرانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال اکبر بگٹی نے کہا کہ سب چور ٹھگ طاہر القادری کی حمایت کررہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین قومی دولت لوٹنے والے ٹھگوں کا سپر ٹولہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کینیڈین شہری طاہر القادری کا ایجنڈا ریاست بچاو نہیں، کھاو پیو اقتدار میں آو۔
 
طلال بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، یہاں صرف فرنٹیر کور اور فوج کی رٹ چلتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران جانے والے زائرین کے قاتل وہی ادارے ہیں، جو شہریوں کی حفاظت کے ذمہ دار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں پنجابی اور شیعہ کے قتل میں ایجنسیاں ملوث ہیں۔ آج تک اتنے زیادہ اداروں کے باوجود کسی قاتل کو گرفتار نہیں کیا جاسکا۔
 
جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ کل جمعرات کے روز ان کی مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سے ملاقات میں دونوں جماعتوں کے اتحاد کا حتمی فیصلہ کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کا بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں یہاں امریکہ ہی مائی باپ بنا ہوا ہے، جبکہ وفاقی وزیر داخلہ مہرے کے طور پر کام کررہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 227496
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش