0
Wednesday 2 Jan 2013 21:22

کراچی میں چہلم حضرت امام حسین (ع)، رینجرز اور پولیس ہائی الرٹ، حفاظتی چوکیاں قائم ہوں گی

کراچی میں چہلم حضرت امام حسین (ع)، رینجرز اور پولیس ہائی الرٹ، حفاظتی چوکیاں قائم ہوں گی
اسلام ٹائمز۔ ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز (سندھ) میں ڈی جی رینجرز (سندھ) کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں امن و امان کی صورتحال اور خصوصی طور پر چہلم امام حسین (ع) کے موقع پر سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈی جی رینجرز، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم، ایڈیشنل آئی جی کراچی، حساس اداروں کے سربراہ، کراچی کے تینوں سیکیورٹی زونز کے ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی ٹریفک، سی آئی ڈی، چیف سی پی ایل سی، شہری حکومت کے افسران اور رینجرزکے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ طور پر چہلم امام حسین (ع) کے حوالے سے امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے سیکورٹی کے انتظامات کوحتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ رینجرز اور پولیس کوہائی الرٹ کردیا گیا ہے، شہر کے حساس علاقوں میں رینجرز اور پولیس کی عارضی حفاظتی چوکیاں قائم کی جائیں گی جن میں رینجرز اور پولیس کے اہلکار چوبیس گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

جلوس کے گزرنے والے راستوں پر واقع تمام اونچی عمارتوں پر رینجرز اور پولیس تعینات ہوگی جو شرپسند عناصر پرکڑی نظر رکھیں گے اور جلوس کے روٹ کو مکمل سیل کیا جائے گا اور مختلف مقامات پر اسنیپ چیکنگ کی جائے گی۔ اس موقع پر ہوائی فائرنگ اور کسی بھی قسم کا اسلحہ لے کر چلنے پر سختی سے پابندی کے احکامات دیدیے گئے اور خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ رینجرز اور پولیس کے سراغ رساں کتوں کی مدد سے جلوس کے اہم مقامات کو چیک کیا جائے گا۔ چہلم امام حسین (ع) کے موقع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کراچی میں جلوس کی نگرانی کرے گی۔ اس موقع پر علمائے کرام سے پرزور اپیل کی گئی کہ وہ مروجہ قوانین اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کریں، مذہبی فرقہ واریت کے خاتمے، شہر میں امن و امان قائم کرنے اور عوام میں اخوت و بھائی چارے کا درس اجاگر کریں اور چہلم امام حسین (ع) کے موقع پر امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

دریں اثناء کمشنر کراچی سید ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات اور خدشات کے پیش نظر چہلم حضرت امام حسین (ع) کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف اور خصوصی انتظامات کیے جائیں گے اور اس سلسلے میں سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دی جاچکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں چہلم حضرت امام حسین (ع) کے موقع پر سیکورٹی کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقد کیے گئے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کے موقع پر کیا۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ دہشت گردی اور تخریب کاری کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے تحت چہلم حضرت امام حسین (ع) کے مرکزی جلوس میں کسی بھی مقام پر گیپ نہیں دیا جائے گا اور حساس مقامات پر جلوس کو روکا یا آہستہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اس موقع پر ٹاؤن کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایت کی روشنی میں مکمل تعاون کریں اور مفادعامہ کے پیش نظر اپنے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز سے رابطے میں رہیں۔
خبر کا کوڈ : 227503
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش