0
Wednesday 2 Jan 2013 21:34

طالبان اور کالعدم تنظیموں سے مذاکرات ملک کو تباہ کر دیں گے، مفتی فضل الرحمن اوکاڑوی

طالبان اور کالعدم تنظیموں سے مذاکرات ملک کو تباہ کر دیں گے، مفتی فضل الرحمن اوکاڑوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس شوریٰ سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی امیر جماعت اہل سنت صاحبزادہ مفتی فضل الرحمن اوکاڑوی نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات اور مفاہمت ملک کو تباہی کی طرف لے جائیگی، طالبان اور کالعدم تنظیمیں حکومت اور افواج پاکستان کو مذاکرات میں الجھا کر اپنے آپ کو ازسرنو منظم و مضبوط کر لیں گی، حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کسی بھی صورت طالبان اور دہشت گردی میں ملوث مختلف تنظیموں کے افراد سے مذاکرات نہ کیے جائیں۔

صاحبزادہ مفتی فضل الرحمن اوکاڑوی نے مزید کہا کہ طالبان اور کالعدم تنظیموں سے مذاکرات سے معاشرے میں مزید بیگاڑ پیدا ہو گا اور پورے ملک میں انتہاپسندی مزید پروان چڑھے گی، عسکریت پسند جماعتیں مزید مضبوط ہوں گی، دہشت گرد پورے ملک کا تشخص بگاڑ کر رکھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت پاکستان اور افواج پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ طالبان اور کالعدم تنظیموں سے مذاکرات اور مفاہمت کا راستہ نہ اپنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر دہشت گردی کے خلاف متفقہ طور پر پالیسی بنائے جائے، اگر حکومت کو کوئی مجبوری ہے تو وہ پہلے طالبان سے ملک کے آئین کو تسلیم کروائیں، تمام طالبان اور کالعدم تنظیموں کو ملک کے قانون کے دائرے میں لائیں اور تمام عسکری گروپوں کو غیر مسلح کیا جائے اس کے بعد ان سے بات چیت ہو سکتی ہے اگر وہ ملکی آئین کو تسلیم نہیں کرتے تو ان سے مذاکرات نہ کئے جائیں۔ اس موقع پر مرکزی اور تمام صوبوں کے عہدیدران اور شوریٰ کے ممبران نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 227506
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش