QR CodeQR Code

علماء و مشائخ خانقاہوں اور مساجد سے نکل کر رسم شبیری ادا کریں، جے یو آئی

3 Jan 2013 03:05

اسلام ٹائمز: جمعیت علماء اسلام (ف) خیبر پختونخوا کے رہنماوں عبدالجلیل خان، مولانا امانت شاہ حقانی اور پیر عالمزیب شاہ نے ہری پور میں منعقدہ مشاوتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیکولرازم کی حامی جماعتوں کیخلاف میدان میں نکلنا دینی قوتوں کا فرض ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سیکولر ازم کی حامی جماعتوں کے خلاف میدان میں نکلنا دینی قوتوں کا فرض ہے، لبادے بدل کر اور ایجنٹوں کی سپورٹ سے آنے والے جمعیت علماء اسلام کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ علماء و مشائخ خانقاہوں اور مساجد سے نکل کر رسم شبیری ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام (ف) خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات عبدالجلیل خان، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا امانت شاہ حقانی اور ضلعی ہری پور امیر پیر سید عالمزیب شاہ نے جامعہ اہلبیت کھلابٹ ٹائون شپ ہری پور میں منعقدہ جے یو آئی کے مشاوتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نظامت کے فرائض ضلعی جنرل سیکرٹری شہزادہ خان نے سرانجام دیئے اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے متوقع امیدواران جاوید خان جدون، سید احسن علی شاہ، آصف علی جاہ، قاضی فاروق کے علاوہ مولانا مطیع الرحمان قاسمی، مولانا قاضی عبد العلیم اور دیگر رہنمائوں نے الیکشن 2013ء کے حوالے سے اپنی آراء اور تجاویز پیش کیں۔ عبد الجلیل خان نے کہا کہ موجودہ دور میڈیا وار کا ہے۔ تمام کارکنان میڈیا سے بھرپور رابطہ برقرار رکھیں۔
 
مولانا امانت شاہ نے کہا کہ 2013ء کے الیکشن میں جمعیت علماء اسلام بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بآسانی حکومتیں بنا لے گی۔ خیبر پختونخوا کی موجودہ حکومت کو عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ بدامنی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عوام ایم ایم اے کے پانچ سالہ دور حکومت کو یاد کر رہے ہیں اور لوگ جوق در جوق جمعیت علماء اسلام میں شامل ہورہے ہیں۔ جبکہ اے این پی کے متعدد ایم پی ایز بھی جمعیت میں شمولیت کے لیے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے تمام کارکنوں سے کہا کہ وہ ہر طرح کے مفادات اور وابستگیوں سے بالا تر ہو کر الیکشن مہم شروع کردیں۔ موجودہ حالات میں جمعیت علماء اسلام ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کی طاقت رکھتی ہے کیونکہ اس کے پاس اسلام کا عالمگیر اور آفاقی نظام حکومت ہے۔


خبر کا کوڈ: 227573

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/227573/علماء-مشائخ-خانقاہوں-اور-مساجد-سے-نکل-کر-رسم-شبیری-ادا-کریں-جے-یو-ا-ئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org