0
Thursday 3 Jan 2013 06:38

وزیراعلیٰ اور آئی جی پنجاب اویس عقیل کے قاتلوں کو گرفتارکرائیں، لیاقت بلوچ

وزیراعلیٰ اور آئی جی پنجاب اویس عقیل کے قاتلوں کو گرفتارکرائیں، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ زبیر صفدر کی قیادت میں جمعیت کے وفد نے منصورہ میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ سے ملاقات کی۔ زبیر صفدر نے اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی کے طالبعلم اور اسلامی جمعیت طلبہ کے رہنما اویس عقیل شہید کے قتل کیس کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ کئی ماہ گزرنے کے باوجود بھی حکومت و پولیس انتظامیہ اویس عقیل کے قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے جس سے کارکنان میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسلامی جمعیت طلبہ نے ہر اخلاقی وقانونی پہلو پر حکومت و انتظامیہ سے تعاون کیاہے اور ہم پرامن احتجاج بھی کررہے ہیں لیکن حکومت و انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہورہی جبکہ قاتل آزاد دندناتے پھر رہے ہیں۔
 
دریں اثنا اویس عقیل قتل کیس کے مقدمے کی پیروی کے لیے جماعت اسلامی اور اسلامی جمعیت طلبہ کے درمیان مشترکہ کمیشن تشکیل دیا گیا اس کمیشن کے سربراہ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ہوں گے جبکہ جماعت اسلامی کی جانب سے امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود، نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب امیر العظیم اور اسلامی جمعیت طلبہ کی جانب سے ناظم اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب رسل خان بابر، ناظم جامعہ رائے حق نواز، عبدالمقیت اور حارث سعید ہوں گے۔ یہ کمیشن عقیل شہید کے مقدمے کی پیروی کے لیے قانونی امداد فراہم کرے گا اور قاتلوں کی گرفتاری کے لیے حکومت، پولیس، تفتیشی اداروں سے ملاقاتیں کرے گا اور قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف پرامن احتجاج کا لائحہ عمل بھی ترتیب دے گا۔ 

آخر میں لیاقت بلوچ نے وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیاکہ اویس عقیل شہید کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کے لیے وہ اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں تاکہ جمعیت کے کارکنوں میں پائے جانے والے اضطراب کا خاتمہ ہوسکے۔ اس موقع پر پنجاب کے ناظم رسل خان بابر، جامعہ پنجاب کے ناظم رائے حق نواز، عبدالمقیت اور حارث سعید بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 227622
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش