QR CodeQR Code

عالمی استعمار کے خلاف دینی قوتیں اتحاد کا عملی مظاہرہ کریں، متحدہ علماء محاذ

3 Jan 2013 13:24

اسلام ٹائمز: مولانا عبد الجلیل نقشبندی نے جماعت اسلامی قائدین سے ملاقات کے دوران کہا کہ جمیعت اتحاد العلماء نے ہمیشہ اتحاد امت کے لیے کام کیا ہے اور اس مقصد کے لیے کی جانے والی کوششوں کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ علماء محاذ پاکستان کے ایک وفد نے گذشتہ روز دفتر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید مودودی بلڈنگ کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت چیئرمین مفتی محمد اسلم نعیمی کر رہے تھے جبکہ بانی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری، علامہ حیدر علوی،  مولانا آغا نیر عباس جعفری، مولانا رفیق انجم، حافظ ساجد اور قاری قمر اقبال بھیروی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وفد کی آمد پر جماعت اسلامی پنجاب کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور جمیعت اتحاد العلماء پاکستان کے مرکزی نائب صدر مولانا عبدالجلیل نقشبندی، نائب امراء جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی رضوان احمد، شیخ مسعود احمد، سیکرٹری اطلاعات ملک محمد اعظم، امیر پی پی تیرہ سید عزیر حامداور ملک گل حسن اعوان نے وفد کااستقبال کیا۔

متحدہ علماء محاذ کے راہنماؤں نے جماعت اسلامی کی دینی، سیاسی اور سماجی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر پروفیسر غفور احمد کے لیے خصوصی دعائے مغفرت بھی کی گئی۔ مفتی محمد اسلم نعیمی نے 20 جنوری کو متحدہ علماء محاذ کے زیر اہتمام راولپنڈی میں ہونے والے سیمینار میں جماعت اسلامی کو دعوت دی، جسے قبول کر لیا گیا۔

مولانا عبد الجلیل نقشبندی نے کہا کہ جماعت اسلامی اور جمیعت اتحاد العلماء نے ہمیشہ اتحاد امت کے لیے کام کیا ہے اور اس مقصد کے لیے کی جانے والی کوششوں کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علماء اور دینی جماعتوں کا اتحاد اور ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ رضوان احمد نے کہا کہ ملکی اور بین الاقوامی حالات کا تقاضا ہے کہ عالمی استعمار کے خلاف دینی قوتیں یک جہتی اور اتحاد کا عملی مظاہرہ کریں۔


خبر کا کوڈ: 227671

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/227671/عالمی-استعمار-کے-خلاف-دینی-قوتیں-اتحاد-کا-عملی-مظاہرہ-کریں-متحدہ-علماء-محاذ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org