0
Thursday 3 Jan 2013 17:21

وزیرستان میں 3 امریکی ڈرون حملے، ملا نذیر سمیت 14 افراد ہلاک متعدد زخمی

وزیرستان میں 3 امریکی ڈرون حملے، ملا نذیر سمیت 14 افراد ہلاک متعدد زخمی
اسلام ٹائمز۔ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں آج صبح ڈرون حملہ کیا گیا، جس میں چار افراد مارے گئے۔ اطلاعات کے مطابق ایک گاڑی پر میزائل فائر کیا گیا، اس کے بعد امدادی کارروائیاں کرنے والے افراد پر بھی میزائل پھینکا گیا۔ اس سے پہلے رات گئے جنوبی وزیرستان کی تحصیل بیرمل میں ڈرون حملہ ہوا۔ عالمی نشریاتی اداروں کے مطابق حملے میں طالبان کمانڈر ملا نذیر بھی مارا گیا، جس کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔ ان کی تنظیم نے بھی ان کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ طالبان یا حکومت کی جانب سے اب تک ملا نذیر کی ہلاکت کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔ 

جنوبی وزیرستان کے احمد زئی قبیلے سے تعلق رکھنے والے ملا نذیر کا شمالی وزیرستان میں سرگرم حافظ گل بہادر گروپ اور شوریٰ اتحاد المجاہدین سے قریبی تعلق تھا۔ حال ہی میں وہ وانا میں ایک خودکش حملے میں زخمی بھی ہوئے تھے۔ اس سے قبل دو مرتبہ ملا نذیر کو ڈرون حملوں میں نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔ پہلا حملہ فروری دو ہزار آٹھ میں مولانا ہارون وزیر کے گھر پر ہوا تھا، جس میں ملا نذیر زخمی ہوئے تھے۔ دوسرا ڈرون حملہ اعظم ورسک کے علاقے میں ان کی گاڑی پر ہوا تھا، جس میں ان کے بھائی سمیت چار افراد مارے گئے تھے۔

دیگر ذرائع کے مطابق سال دو ہزار تیرہ کے تیسرے دن ہی سے ڈرون حملے شروع ہوگئے۔ رات سے اب تک دو ڈرون حملوں میں چودہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جن میں طالبان کا اہم کمانڈر بھی شامل ہے۔ جنوبی وزيرستان ايجنسی کی تحصیل وانا سے تيس کلوميٹر دور بيرمل کے علاقے انگور اڈہ ميں جاسوس طيارے نے مکان پر آسمان سے آگ برسا دی، مکان پر دو میزائل داغے گئے۔ جس ميں اہم طالبان کمانڈرر سمیت دس افراد ہلاک ہوگئے۔ مقامی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ہلاک افراد میں طالبان کا اہم کمانڈر ملا نذیر بھی شامل ہے۔ دوسرا ڈرون حملہ تحصیل میر علی کے مبارک شاہی میں کیا گیا۔ جس میں چلتی گاڑی پر دو میزائل داغے گئے۔ میر علی ڈرون حملے میں چار افراد مارے گئے۔ شمالی وزیرستان میں جاسوس طياروں کی نچلی پروازیں جاری تھیں۔
خبر کا کوڈ : 227699
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش