0
Thursday 3 Jan 2013 20:20

کراچی، چہلم امام حسین (ع) کا مرکزی جلوس حسینیہ ایرانیان پر پہنچ کر اختتام پذیر

کراچی، چہلم امام حسین (ع) کا مرکزی جلوس حسینیہ ایرانیان پر پہنچ کر اختتام پذیر
اسلام ٹائمز۔ کراچی میں چہلم امام حسین (ع) کے موقع پر پاک محرم ایسوسی ایشن کی جانب سے نکالا جانے والا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہوگیا۔ مرکزی جلوس کی قیادت بوتراب اسکاؤٹس نے کی۔ تفصیلات کے مطابق مرکزی جلوس عزا نشتر پارک سے برآمد ہوا، جو امام بارگاہ خراسان سے ہوتا ہوا ایم اے جناح روڈ پر آیا، جہاں امام بارگاہ علی رضا (ع) کے سامنے شرکائے جلوس نے نماز ظہرین ادا کی۔ نماز کا اہتمام آئی ایس او پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے کیا گیا تھا۔ نماز ظہرین کی امامت حجتہ السلام و المسلمین مولانا محمد حسین رئیسی نے کی۔ اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں نمازی موجود تھے۔ نماز ظہرین کے دوران امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران نے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے فرانس میں رسول اکرم (ص) کی شان میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت، مستونگ خودکش دھماکہ اور ملک بھر میں جاری شیعہ نسل کشی کی شدید مذمت کی۔ بعدازاں امریکہ و اسرائیل کے پرچم نذرآتش کئے گئے۔

نماز کے بعد جلوس اپنے مقررہ راستوں صدر، تبت سینٹر، جامع کلاتھ مارکیٹ اور کھارادر سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہوگیا۔ جلوس میں عزاداران کی بہت بڑی تعداد امام حسین (ع) سے تجدید عہد کے لئے موجود تھی۔ جلوس عزا میں علم عباس (ع)، تابوت امام حسین (ع) اور ذوالجناح کی شبیہہ بھی موجود تھیں، جبکہ عزاداروں کی پیاس بجھانے کے لئے سبیلیں بھی موجود تھیں۔ جلوس عزا میں مجلس وحدت مسلمین، شیعہ علماء کونسل، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، امامیہ آرگنائزیشن، اسکاؤٹس رابطہ کونسل، شہید فاؤنڈیشن پاکستان اور پیام ولایت فاؤنڈیشن سمیت ملت جعفریہ کی نمائندہ تنظیموں کے نمائشی اسٹالز بھی لگائے گئے تھے۔ اس موقع پر جلوس کی سکیورٹی کے لئے ہزاروں اسکاؤٹس رضاکار اپنی خدمات سرانجام دے رہے تھے، جبکہ عزادارن امام حسین (ع) کی حفاظت کے لئے پولیس اور رینجرز کے ہزاروں اہلکار بھی سکیورٹی پر مامور تھے۔ قبل ازیں نشتر پارک میں منعقدہ مرکزی مجلس عزا سے علامہ طالب جوہری نے خطاب کیا، اس موقع پر عزاداروں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 227764
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش