QR CodeQR Code

جماعت اسلامی اپنے نشان کے تحت الیکشن میں حصہ لے گی، شمس الرحمن

3 Jan 2013 22:05

اسلام ٹائمز: اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی نے کہا کہ الیکشن کو روکنے کی تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی اور صدر سیاسی کمیٹی ضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اپنے نشان، شناخت اور انقلابی ایجنڈے کے تحت آئندہ الیکشن میں بھرپورحصہ لے گی۔ الیکشن کو روکنے کی تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چونترہ، چک بیلی خان، چکری، جھٹہ ہتھیال اور دیگر مقامات پر سرکل ناظمین اور یونین کونسلوں کے ذمہ داران کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ عوام کو زیادہ دیر تک تھانے، پٹوارخانے اور کچہری کے چکروں میں الجھا کر آپس میں دست وگریباں نہیں رکھا جا سکتا۔ کارکنان رابطہ عوام مہم کو تیز کریں اور جماعت اسلامی کے انقلابی منشورکو لوگوں تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہاکہ حقیقی تبدیلی اسلامی نظام کے قیام کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

اس موقع پر این اے 52سے جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار مرزاخالدمحمود نے کہا کہ ہمارا پروگرام واضع ہے۔ ہم علاقہ کے عوام کو تعلیم اور علاج کی سہولتوں سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں۔ ہماری رابطہ عوام مہم کو عوامی حلقوں میں پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس اعلیٰ تعلیم یافتہ اور باصلاحیت افراد کی ٹیم موجود ہے جو کہ جاگیرداری وسرمایہ داری نظام کو ختم کر کے اسلام کے عادلانہ اور منصفانہ نظام کو جاری کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 227797

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/227797/جماعت-اسلامی-اپنے-نشان-کے-تحت-الیکشن-میں-حصہ-لے-گی-شمس-الرحمن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org