0
Friday 4 Jan 2013 19:01

حزب اسلامی کسی سے ڈیل نہیں کرے گی، امریکہ مذاکرات میں سنجیدہ نہیں، ڈاکٹر غیرت بحیر

حزب اسلامی کسی سے ڈیل نہیں کرے گی، امریکہ مذاکرات میں سنجیدہ نہیں، ڈاکٹر غیرت بحیر
اسلام ٹائمز۔ حزب اسلامی افغانستان کے پولیٹیکل انچارج اور امریکہ کے ساتھ مذاکرات کیلئے حزب اسلامی کے وفد کے سربراہ ڈاکٹر غیرت بحیر کا کہنا ہے کہ امریکہ ابھی تک اس مغالطے میں ہے کہ وہ افغانستان میں جنگ جیت سکتا ہے۔ ڈاکٹر غیرت بحیر کہتے ہیں امریکہ مذاکرات میں سنجیدہ ہی نہیں۔ لاہور میں ایک نجی ٹی چینل کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے ڈاکٹر غیرت بحیر نے کہا کہ حزب اسلامی کا اثر و رسوخ پورے افغانستان پر ہے۔ انہوں نے حزب اسلامی کی نمائندگی کرتے ہوئے جنرل ایلن، جنرل پیٹریاس، ریان سی کروکر اور صدر کرزئی سے کئی ایک ملاقاتیں کیں، تاہم اب تک مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ ڈاکٹر غیرت نے کہا کہ اب تک مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہ نکلنے کی ذمہ داری امریکہ پر عائد ہوتی ہے۔ حزب اسلامی کسی سے ڈیل نہیں کرے گی۔ 

انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی کئی افغان صوبوں میں گورنری اور حکومت میں حصے کی پیشکش کی گئی ہے، لیکن یہ افغان مسئلہ کا دیرپا حل نہیں۔ پیرس مذاکرات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ پیرس میں ملاقاتیں ظاہری طور پر اسٹریٹیجک فاؤنڈیشن کے زیرانتظام ہوئیں، جن کا مقصد ریسرچ تھا مگر پھر یہ ریسرچ مذاکرات کی شکل اختیار کر گئی۔ انہوں نے کہا کہ پیرس مذاکرات میں ہم نے امن، سکیورٹی اور افغان آئین کے حوالے سے کھل کر باتیں کیں۔ پیرس مذاکرات میں افغانستان کے مستقبل اور مستقبل کی افغان حکومت کے حوالے سے خیالات کا تبادلہ بھی کیا گیا۔ پیرس مذاکرات میں افغانستان میں فریقین کے مابین مفاہمت پر بات کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ 19 سے 22 دسمبر کے پیرس مذاکرات ثمرآور تھے، کیونکہ ان میں فریقین کو اپنے تحفظات اور رائے کے اظہار کا موقع ملا۔
خبر کا کوڈ : 228010
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش