QR CodeQR Code

ملتان، سانحہ مستونگ کے خلاف ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کا احتجاجی مظاہرہ

4 Jan 2013 23:32

اسلام ٹائمز: مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عمران ظفر نے کہا کہ سانحہ مستونگ کے ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزادی جائے ورنہ ملک گیر احتجاج ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر جعفری کی اپیل پر ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی سانحہ مستونگ کے خلاف مجلس وحدت مسلمین ملتان اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام چوک شاہ عباس میں بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین ملتان کے رہنما مولانا عمران ظفراور ڈویژنل صدر آئی ایس او ملتان تہور عباس سمیت دیگر مذہبی رہنمائوں نے کی۔ مظاہرے میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ وحدت ہائوس ملتان سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مظاہرین نے اس موقع پر نوحہ خوانی اور ماتم داری بھی کی۔ مظاہرین نے چوک شاہ عباس کو مکمل طور پر بند کررکھا تھا۔
 
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عمران ظفر کا کہنا تھا کہ سانحہ مستونگ کے ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزادی جائے ورنہ ملک گیر احتجاج ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ آج پورے پاکستان میں علامہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر احتجاجات ہورہے ہیں، اگر مرکزی قائدین نے ہمیں احتجاجی دھرنوں کا حکم دے دیا تو پورا پاکستان جام کردیں گے۔ اس موقع پر مظاہرین نے لبیک یاحسین (ع) کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملتان کے ڈویژنل صدر تہور حیدری نے کہا کہ آج پورے پاکستان میں امامیہ نوجوان علامہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر میدان میں موجود ہیں۔ اُنہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وزیراعلی بلوچستان سمیت دیگر ملزمان کو فوری گرفتا کیا جائے۔ اُنہوں نے چیف جسٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ایک شاہ زیب کے قتل کا تو نوٹس لے لیا جاتا لیکن مستونگ میں زائرین کی پوری بس جلائی گئی اور نام نہاد چیف جسٹس اندھا بن کر انصاف کی توہین کرتا رہا۔


خبر کا کوڈ: 228065

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/228065/ملتان-سانحہ-مستونگ-کے-خلاف-ایم-ڈبلیو-اور-آئی-ایس-او-کا-احتجاجی-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org