QR CodeQR Code

نئے سال کے موقع پر عوام پر مہنگائی کا بم گرا دیا گیا ہے، علامہ اشفاق احمد صابری

5 Jan 2013 10:33

اسلام ٹائمز: رہنماء ادارہ صراط مستقیم نے کہا کہ سی این جی اور پٹرول کیلئے لمبی قطاریں حکومت کی بدانتظامی اور بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ادارہ صراط مستقیم پاکستان کے رہنما علامہ اشفاق صابری نے حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے سال کی آمد کے موقع پر عوام پر مہنگائی کا بم گرادیا گیا ہے۔ عوام پہلے ہی غربت، مہنگائی، بیروزگاری اوردہشتگردی کا عذاب جھیل رہے ہیں ایسے میں گیس کی قیمتو ں میں یکمشت اضافہ عوام کی کمر مزید دوہری کردے گا۔ سی این جی کی ختم نہ ہونے والی طویل قطاروں کے بعد اس کی بندش اور پٹرول کیلئے لمبی لائنوں کے باوجود پٹرول کی قلت وفاقی حکومت کی بدانتظامی اوربے حسی کے منہ بولتاثبوت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کا واحد حل یہی ہے کہ حکومت مسئلے کے تمام فریقوں کو ایک میز پر بٹھائے اور مسئلے کا فوری حل نکالا جائے تاکہ عوام کو ذہنی کوفت سے چھٹکارا مل سکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے اور سی این جی کی بندش کا نوٹس لیا جائے۔ پیپلزپارٹی نے جب سے اقتدار سنبھالا ہے مسلسل عوام دشمن اقدامات اٹھارہی ہے۔ روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ سراب ثابت ہوا، عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے ان کے مسائل ومشکلات میں مزید اضافہ کیا جارہا ہے۔ جب تک عوام ان آزمائے ہوئے لوگوں کو دوبارہ آزمانے کا سلسلہ بند نہیں کریں گے ملک میں حقیقی تبدیلی رونما نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہاکہ ملک میں نئی قیادت ناگزیر ہوچکی ہے جس کے لئے فی الفور آئینی و قانونی طریقہ اختیار کرتے ہوئے انتخابات کا اعلان کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 228173

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/228173/نئے-سال-کے-موقع-پر-عوام-مہنگائی-کا-بم-گرا-دیا-گیا-ہے-علامہ-اشفاق-احمد-صابری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org