0
Sunday 6 Jan 2013 13:07

دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، وجاہت حسین نقوی

دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، وجاہت حسین نقوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر ضلع باغ کے  سیکرٹری جنرل علامہ سید وجاہت حسین نقوی نے کہا ہے کہ بڑالی میں ماتمی جلوس پر پتھرائو اور فائرنگ کرنے والے شرپسند عناصر کو جلد گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے اس واقع کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گردوں کو جلد گرفتار کر کے قانونی تقاضوں کو پورا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اربعین سیدالشہداء کے موقع پر مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی دین مذہب نہیں ہوتا۔ اسلام ہمیں بھائی چارے اور محبت کا درس دیتا ہے۔ یاد رہے کہ 18صفرالمظفر کو ضلع باغ کے نواحی علاقہ بڑالی میں چہلم امام حسین علیہ السلام کے سلسلے میں نکالے جانے والے جلوس پر اس وقت شرپسندوں نے فائرنگ اور پتھرائو کیا جب جلوس علاقے کی مقامی مسجد کے قریب سے گزر رہا تھا۔ پتھرائو اور فائرنگ سے 2 عزادار شدید زخمی ہوئے تھے۔ 

دریں اثنا انجمن جعفریہ کے زیراہتمام امام حسین (ع) کے چہلم کے جلوس کے موقع پر عزاداران سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام اور ذاکرین نے کہا ہے کہ اسوہ شبیری اپنائے بغیر امت مسلمہ باطل کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔ عالم کفر اسلام کے خلاف متحد ہو کر اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل کرنا چاہتا ہے۔ مسلمان باہمی نفاق کا شکار ہیں۔ فرقہ واریت اور دہشت گردی کے واقعات اسلام کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔ علماء کرام فروعی اختلاف کو بھلا کر اتحاد بین المسلمین کے پرچم کو تھام لیں، نواسہ رسول (ص) کے جلوسوں کو روکنے کے لیے استعمال ہونے والی طاقت اگر کفر کے عزائم کے خلاف استعمال کی جائے تو بہتر ہے۔
خبر کا کوڈ : 228545
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش