QR CodeQR Code

امتِ مسلمہ ایک معتدل مزاج راہنما سے محروم ہو گئی،حافظ سید ریاض حسین نجفی

6 Jan 2013 14:19

اسلام ٹائمز: وفاق المدارس شیعہ پاکستان کے صدر کا کہنا تھا کہ اسلامی تحریکوں میں قاضی حسین احمد کو منفرد و ممتاز حیثیت تھی، ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا صدیوں میں پورا نہیں ہو سکے گا۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی، نائب صدر علامہ سید نیاز حسین نقوی، جنرل سیکرٹری علامہ محمد افضل حیدری نے جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر اور ملی یکجہتی کونسل کے صدر قاضی حسین احمد کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ جامعۃ المنتظر لاہور میں ایک ہنگامی تعزیتی اجلاس میں وفاق المدارس کے عہدیداران نے کہا کہ قاضی حسین احمد کے انتقال سے امت مسلمہ ایک معتدل مزاج راہنما سے محروم ہو گئی ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ قاضی حسین احمد نے جماعت اسلامی، متحدہ مجلس عمل اور ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم سے وحدت و اتحاد کے لئے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ 

انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں بدقسمتی سے اسلام پر شدت پسندی کا بےبنیاد الزام لگایا جا رہا ہے، قاضی حسین احمد ایک معتدل مزاج شخصیت تھے۔ ان کی فعالیت و صلاحیتیں فقط جماعت اسلامی تک محدود نہ تھیں بلکہ وہ تمام مسالک و مذاہب کے مابین اخوت و رواداری کیلئے سرگرم عمل رہے۔ وفاق المدارس شیعہ پاکستان کے رہنماؤں نے کہا کہ قاضی حسین احمد متحدہ مجلس عمل اور ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم سے اپنی زندگی کے آخری سانس تک ملک و ملت کی بہتری کیلئے عظیم اہداف کے حصول کیلئے کوشاں رہے۔ وفاق المدارس کے عہدیداران نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم و مغفور کے خاندان اور جماعت اسلامی کی قیادت سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ قاضی صاحب کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور وہ اپنے اعلیٰ اوصاف و کردار کی بدولت ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔


خبر کا کوڈ: 228554

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/228554/امت-مسلمہ-ایک-معتدل-مزاج-راہنما-سے-محروم-ہو-گئی-حافظ-سید-ریاض-حسین-نجفی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org