QR CodeQR Code

امیر جماعت اسلامی بھی آبدیدہ ہو گئے

قاضی حسین احمد کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں، منور حسن

6 Jan 2013 22:46

اسلام ٹائمز: نماز جنازہ سے قبل خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر کا کہنا تھا کہ قاضی حسین احمد کی رحلت نہ صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام کے لیے بہت بڑا سانحہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ قاضی حسین احمد کی رحلت نہ صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام کے لیے بہت بڑا سانحہ ہے۔ آپ امت مسلمہ کے رہنماء کی حیثیت سے پورے عالم اسلام میں جانے پہچانے جاتے تھے۔ اور نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اتحاد امت کے لیے کارہائے نمایاں سرانجام دیئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قاضی حسین احمد کی نماز جنازہ سے قبل خطاب کرتے ہوئے کیا۔ منور حسن کا کہنا تھا کہ ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی، مسلکی اختلافات کے خاتمہ اور پوری قوم کو ایک لڑی میں پرونے کے لیے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ وہ اپنے بیگانوں سب کے لیے محبت کا سرچشمہ تھے۔ ان گنت لوگوں نے قاضی حسین احمد سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ اب وہ ہمارے درمیان نہیں رہے لیکن اب ہم نے ان کے بنائے ہوئے نقشے میں رنگ بھرنا ہے۔ ایک موقع پر سید منور حسن جذبات پر قابو نہ رکھ پائے اور آب دیدہ ہو گئے۔ اس سے قبل جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ قاضی حسین احمد کی ملک و ملت کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ وہ ایک ہمہ گیر شخصیت کے مالک تھے۔ قومی یکجہتی کے خواہاں اور شرافت، دیانت اور حب الوطنی کے پیکر تھے۔


خبر کا کوڈ: 228707

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/228707/قاضی-حسین-احمد-کی-فرقہ-وارانہ-ہم-آہنگی-کیلئے-خدمات-ناقابل-فراموش-ہیں-منور-حسن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org