0
Monday 7 Jan 2013 20:41

ایران کیطرف سے بشارالاسد کے منصوبے کی حمایت، مخالفین نے مصالحتی پلان مسترد کر دیا

ایران کیطرف سے بشارالاسد کے منصوبے کی حمایت، مخالفین نے مصالحتی پلان مسترد کر دیا
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے وزیر خارجہ علی اکبر صالحی نے کہا ہے کہ ایران شام میں بحران کے پرامن حل کے لئے بشار اسد کے منصوبے کی حمایت کرتا ہے۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے شام کے صدر بشار الاسد کے منصوبے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے میں دہشتگردی، تشدد اور شام کے اندرونی معاملات میں بیرونی مداخلت کے خاتمے، تمام سیاسی گروپوں کی شمولیت سے شام کے مستقبل کے لئے نئی پالیسی کے تعین اور پھر نئے بنیادی آئین کی تیاری، پارلیمانی انتخابات کا انعقاد اور بالآخر نئی حکومت کی تشکیل پر تاکید کی گئی ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ شامی صدر بشار الاسد کے منصوبے کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ اس میں اقوام متحدہ کے منشور کی اغراض و مقاصد کا لحاظ رکھا گیا ہے اور اسلامی جمہوری ایران کے 6 نکاتی منصوبے سمیت ان تمام علاقائی اور بین الاقوامی منصوبوں کے مشترکہ نکات کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے، جو اب تک بحران کے سیاسی حل کے لئے پیش کئے گئے ہیں۔ علی اکبر صالحی نے شام کے حکومت مخالف تمام گروہوں اور اس معاملے کے تمام علاقائی و عالمی فریقین کو دعوت دی کہ شام میں امن واستحکام کی برقراری اور خطے میں بحران کی مزید توسیع کی روک تھام کی خاطر اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔

دوسری طرف امریکہ، شامی اپوزیشن کے قومی اتحاد اور متعدد ملکوں نے شامی صدر بشار الاسد کی طرف سے پیش کردہ مصالحتی منصوبہ رد کر دیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ نے شامی صدر کو اقتدار سے الگ ہو جانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی طرف سے گذشتہ روز پیش کیا گیا یہ منصوبہ حقیقت سے دور ہے۔ وزارت خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ کے مطابق صدر بشار الاسد کی تقریر سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ اقتدار سے چمٹے رہنے کی کوشش میں ہیں۔ شامی اپوزیشن کے قومی اتحاد کے نائب صدر جورج صابرا نے بھی اسد کی تقریر کو حقائق سے دور قرار دیا ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ اصلاحات کے نام پر خالی وعدوں سے اب مزید بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا۔ یورپی یونین نے بھی کہا ہے کہ بشار الاسد کو حکومت سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے سیاسی تبدیلی کو راستہ دینا چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 228997
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش