0
Tuesday 8 Jan 2013 19:45

پاک فوج تمام اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار ہے، جنرل کیانی

پاک فوج تمام اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار ہے، جنرل کیانی
اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ پاک فوج نے مشرقی اور مغربی سرحدوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی جنگی حکمت عملی تشکیل دیدی ہے۔ خطرات سے نمٹنے کے لئے فوج ہر وقت تیار ہے۔ آرمی چیف نے سیالکوٹ گیریژن کے دورے میں موبلائزیشن مشقوں کا معائنہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مشقیں 4 سال سے جاری "عزم نو" کی جنگی مشقوں کا حصہ ہیں۔ اس موقعے پر اپنے خطاب میں جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا کہ پاک فوج تمام بیرونی و اندرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ نئی جنگی حکمت عملی سرحدوں کو مدنظر رکھ کر بنا لی گئی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ اس نئی حکمت عملی میں بھارت کی کولڈ وار اسٹریٹجی کو بھی پیش نظر رکھا گیا ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ پاک فوج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ یہ بات انہوں نے سیالکوٹ گریژن کے دورے کے موقع پر کہی، جہاں انہوں نے پاک فوج کی تربیتی جنگی مشقوں کا جائزہ لیا۔ یہ تربیتی جنگی مشقیں پاک فوج کی نئی جنگی حکمت عملی کے تحت کی جارہی ہیں، پاک فوج کی جانب سے گذشتہ چار سالوں کے دوران عزم نو سیریز کے تحت مختلف مراحل میں کی گئی تربیتی جنگی مشقوں کے دوران پاک فوج کے نئے جنگی نظریئے میں کی جانے والی ترامیم کا جائزہ لیا گیا ہے، اور اس کا مقصد پاک فوج کی جنگی حکمت عملی کو مزید موثر اور بہتر بنانا ہے۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے اس موقع پر زور دیا کہ پاک فوج ہر طرح کے بالواسطہ یا بلاواسطہ خطے سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہے۔ قبل ازیں سیالکوٹ گریژن پہنچنے پر کورپس کمانڈر گوجرانوالہ لیفٹنٹ جنرل مزمل حسین نے پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کا استقبال کیا۔
خبر کا کوڈ : 229280
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش