QR CodeQR Code

شہر میں فرقہ واریت کی بنیاد پر معصوم افرد کے قتل پر رابطہ کمیٹی کا اظہار مذمت

8 Jan 2013 21:00

اسلام ٹائمز: ایک بیان میں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے کہا کہ فرقہ وارانہ قتل و غارت گری میں ملوث دہشت گرد اتحاد بین لمسلمین کے کھلے دشمن ہیں، دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے شہر میں فرقہ واریت کی بنیاد پر بے گناہ شہریوں کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے شہر میں فرقہ وارانہ فسادات کی آگ بھڑکانے کی گھناؤنی سازش قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت شہر میں فرقہ واریت کی بنیاد پر قتل و غارت گری کا بازار گرم کرکے دہشت گرد نہ نہ صرف شہر کا امن و سکون تباہ کر رہے ہیں بلکہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔

رابطہ کمیٹی نے کہا کہ جو عناصر اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے بے گناہ شہریوں کی قیمتی جان و مال سے کھیل رہے ہیں ان کا کسی مذہب و مسلک سے تعلق نہیں ہوسکتا اور وہ اتحاد بین المسلمین کے کھلے دشمن ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے شہر میں فرقہ واریت کی بنیاد پر قتل کئے جانے والے تمام افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور مقتولین کے بلند درجات کے لئے دعا بھی کی۔

رابطہ کمیٹی نے صدر پاکستان آصف علی زردای، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ شہر میں فرقہ واریت کی بنیاد پر معصوم افراد کے قتل کا نوٹس لیا جائے اور فرقہ وارانہ قتل و غارت گری میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے اور بلاتفریق عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ٹھوس و مثبت اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔


خبر کا کوڈ: 229300

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/229300/شہر-میں-فرقہ-واریت-کی-بنیاد-پر-معصوم-افرد-کے-قتل-رابطہ-کمیٹی-کا-اظہار-مذمت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org