QR CodeQR Code

طالبان سے مذاکرات کے اعلان کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، مولانا صادق رضا تقوی

8 Jan 2013 22:02

اسلام ٹائمز: وحدت ہاؤس سے جاری مذمتی بیان میں ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ وطن دشمن قوتوں کے ساتھ مزاحمت کی زبان استعمال کی جاتی ہے مذاکرات کی نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ شہر کراچی میں شیعہ مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ کی پر زور مذمت کرتے ہیں، حکومت کالعدم دہشت گرد جماعتوں کے خلاف فوجی آپریشن کرے اور شہر کراچی کے عوام کو دہشت گردوں سے نجات دلوائے۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن مولانا صادق رضا تقوی نے وحدت ہاؤس سے جاری مذمتی بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عملی طور پر دہشت گردوں سے نمٹنے میں ناکام ہو چکی ہے، اس لئے شہر کراچی میں موجود کالعدم دہشت گرد گروہوں کے مراکز پر فوجی آپریشن ناگزیر ہے بصورت دیگر ملت جعفریہ حکومتی ایوانوں کا گھیراؤ کرنے سے گریز نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بانیان پاکستان کی اولادوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، پاکستان کے معاشی حب کراچی میں دہشت گردوں نے اب تک سینکڑوں بیگناہ شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جاچکا ہے اور حکومتی ایوانوں میں بیٹھے اتحادیوں کو معصوم جانیں نظر نہیں آتی ہیں اور یہ تمام سیاسی جماعتیں اقتدار کی بندر بانٹ میں مصروف ہیں۔

مولانا صادق تقوی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان کی اساس پر حملہ کرنے والے ریاست دشمن طالبان سے مذاکرات کے اعلان کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، وطن دشمن قوتوں کے ساتھ مزاحمت کی زبان استعمال کی جاتی ہے مذاکرات کی نہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت وقت کو مظلوم شہریوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کا نہیں بلکے وطن عزیز کے دشمنوں سے ہاتھ ملانے کا زیادہ ارمان ہے۔ انہوں نے صدر پاکستان، وزیراعظم پاکستان، چیف جسٹس اور آرمی چیف سے مطالبہ کیا کہ وہ شہر قائد میں جاری شیعہ نسل کشی کا نوٹس لیں اور سکیورٹی اداروں میں موجود کالعدم گروہوں کی پشت پناہی کرنے والے افسران کے خلاف عملی اقدامات کریں تاکہ شہر قائد کو دوبارہ امن کا گہوارہ بنایا جاسکے۔


خبر کا کوڈ: 229324

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/229324/طالبان-سے-مذاکرات-کے-اعلان-کی-بھرپور-مذمت-کرتے-ہیں-مولانا-صادق-رضا-تقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org