0
Wednesday 9 Jan 2013 00:13

شام کے عوام کو پرامن انتخابات کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے دیا جائے، رامین مہمان پرست

شام کے عوام کو پرامن انتخابات کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے دیا جائے، رامین مہمان پرست
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہمان پرست نے کہا ہے کہ ان کا ملک شام میں امن کے قیام، تشدد کے خاتمے، ملت شام کے حقوق کے تحفظ اور جمہوریت کے احترام کا خواہاں ہے۔ آج تہران میں پریس بریفنگ کے دوران ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے شامی صدر بشار الاسد کی جانب سے اتوار کے روز کی جانے والی تقریر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران شام میں کشیدگی اور لڑائی میں اضافے، عدم استحکام، بدامنی، بےگناہ لوگوں کے قتل عام، جمہوریت کے عمل کے قیام کی اجازت نہ دئیے جانے اور انتخابات کے انعقاد میں عوام کے حقوق سے چشم پوشی کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام کے عوام باشعور ہیں، لہذا انہیں موقع دیا جانا چاہیئے کہ پرامن انتخابات کے ذریعے اپنی تقدیر کا فیصلہ کریں۔ 

رامین مہمان پرست کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہونا چاہئے کہ شامی عوام کے بجائے ملک سے باہر بیٹھے مختلف گروہ شام کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کریں۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ علاقے کے بعض ممالک شام میں جاری بحران کے بارے میں مختلف نظریات رکھتے ہوں تو پھر اس کے لئے صلاح و مشورہ ضروری ہے، تاکہ تمام فریقین کے نظریات میں ہم آہنگی اور نزدیکی پیدا ہوسکے۔ رامین مہمان پرست نے کہا کہ مختلف ممالک اس نتیجے پر پہنچ چکے ہیں کہ شام کے بحران کو فوجی طریقے سے حل نہیں کیا جاسکتا، اور پرامن اور سیاسی طریقہ ہی اس مسئلےکے حل کا بہترین طریقہ ہے۔ انہوں نے ایران کی اعلٰی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری ڈاکٹر سعید جلیلی کے دورہ ہندوستان اور افغانستان کے نتائج کے بارے میں کہا کہ اس دورے میں ہندوستان اور افغانستان کے حکام کے ساتھ ایران کے قومی مفادات اور علاقے کی بنیادی تشویش دور کرنے کے سلسلے میں بہت اچھی گفتگو انجام پائی ہے۔
خبر کا کوڈ : 229385
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش