QR CodeQR Code

حکومت عملی طور پر قیام امن میں ناکام ہوچکی ہے، منظور پروانہ

10 Jan 2013 09:33

اسلام ٹائمز: ایک بیان میں گلگت بلتستان یونائیٹڈ موومنٹ کے چیئرمین نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں نے گلگت بلتستان کو اندورونی اور بیرونی خطرات سے دو چار کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ حکومت گلگت بلتستان میں عملی طور پر قیام امن میں ناکام ہوچکی ہے، گلگت شہر میں ہونے والے واقعات پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کا تسلسل ہیں، جسے فرقہ وارانہ رنگ دے کر پیش کیا جاتا ہے۔ گلگت بلتستان کا اصل مسئلہ فرقہ واریت نہیں بلکہ خطے میں بڑھتی ہوئی احساس محرومی اور حکمران جماعت کی اقرباء پروری اور کرپشن ہے۔ ان خیالات کا اظہار گلگت بلتستان یونائیٹڈ موومنٹ کے چیئرمین منظور پروانہ نے ایک بیان میں کیا۔ منظور پروانہ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کسی بھی قسم کی مہم جوئی اور عوام پر چڑھائی کی پالیسی ناقابل قبول ہوگی بلکہ گلگت بلتستان کے عوام اپنے خلاف کسی بھی قسم کی تباہ کن حکمت عملی کی بھرپور انداز میں مخالفت کرے گی۔

منظور پروانہ ک کہنا تھا کہ گلگت میں فوجی آپریشن دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ کو گلگت بلتستان جیسے متنازعہ خطے کی طرف بڑھانے کے مترادف ہوگا۔ جس سے نہ صرف گلگت بلتستان بلکہ قریبی ممالک بھی متاثر ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں نے گلگت بلتستان کو اندورونی اور بیرونی خطرات سے دوچار کیا ہے، اندرونی طور پر گلگت بلتستان میں کرپشن اور ناانصافیوں نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے تو بیرونی طور پر ایک نام نہاد صوبائی سیٹ اپ کے ذریعے گلگت بلتستان کے وسائل کو لوٹنے کے لئے راہ ہموار کی جارہی ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام کو ریاست کا مستقبل بچانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 229506

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/229506/حکومت-عملی-طور-پر-قیام-امن-میں-ناکام-ہوچکی-ہے-منظور-پروانہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org