0
Wednesday 9 Jan 2013 21:56

پاکستان شمع رسالتؐ کے پروانوں کی سر زمین ہے، جماعت اہلسنت

پاکستان شمع رسالتؐ کے پروانوں کی سر زمین ہے، جماعت اہلسنت
اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنت پاکستان سپریم کونسل کے رکن حاجی حنیف طیب نے کہا ہے کہ ذکر مصطفی کرنا ہمارا مشن ہے کسی خوف میں مبتلا ہوکر گھر نہیں بیٹھیں گے، عید میلاد النبیﷺ کے جشن میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے، بھرپور جوش وجذبے کے ساتھ محافل بھی ہونگی اور جلوس بھی برآمد ہونگے۔ پاکستان شمع رسالت کے پروانوں کی سرزمین ہے، مصطفیؐ جان رحمت کی عظمت کے تحفظ کیلئے فکر رضا کی روشنی میں جدوجہد جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اہلسنت کراچی کے زیر اہتمام النساء کلب گلشن اقبال میں فکر رضا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے جماعت اہلسنت کراچی کے ناظم مولانا خلیل الرحمان چشتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غلامان مصطفی اپنے نبی کی ولادت کا جشن بھرپور انداز سے منائیں گے۔ دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، ناگفتہ بہ صورتحال سے خوفزدہ نہیں ہوں گے، ہمارے دلوں سے جذبہ عشق مصطفی کو ختم کرنے کی کوششیں کرنے والے خود مٹ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج دنیا کو ایک اور امام احمد رضا کی ضرورت ہے جو پوری دنیا کے عاشقان رسول کی رہبری و رہنمائی کا فریضہ انجام دیکر گستاخان رسول کو ان کے منطقی انجام تک پہنچا سکے۔ محمد حسین لاکھانی نے کہا کہ اعلیٰ حضرت احمد رضا بریلوی نے فتنہ قادیانیت، مسلم ہندو اتحاد کے خلاف سب سے پہلے فتویٰ جاری کرکے برصغیر کے مسلمانوں کے مذہبی، سیاسی حقوق کا تحفظ کیا۔ آج بھی اسلام کی نشاة ثانیہ مجدد دین وملت امام احمد رضا کے نظریہ کو بنیاد بناکر ہی ممکن ہے۔ کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ماہ ربیع الاول کا شاندار استقبال کیا جائے گا، گھروں محلوں میں سبز جھنڈے لگانے کے ساتھ چراغاں بھی کیا جائے گا اور 12 ربیع الاول کے مرکزی جلوس عید میلاد النبی میں شمع رسالت کے پروانے شریک ہوکر حضور رسالت مابﷺ سے اپنی والہانہ محبت کا بھرپور اظہار کریں گے اور ثابت کردیں گے کہ دنیا کی کوئی طاقت سازش دہشت گردی ہمارے جذبہ عشق رسول کو ہرگز ختم نہیں کر سکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 229655
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش