0
Wednesday 9 Jan 2013 23:27

خیبر پختونخوا میں ٹارگٹ کلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، علامہ عبدالحسین

خیبر پختونخوا میں ٹارگٹ کلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، علامہ عبدالحسین
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید عبدالحسین الحسینی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت امن کے قیام میں ناکام ہو چکی ہے، کراچی اور بلوچستان کے بعد اب خیبر پختونخوا میں ٹارگٹ کلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کرم ایجنسی کے صدر ریاض حسین شاہ کی پشاور کے علاقہ ڈبگری گارڈن میں ٹارگٹ کلنگ کیخلاف جاری اپنے ایک مذمتی بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں عوام بم دھماکوں اور خودکش حملوں کے باعث پہلے ہی عدم تحفظ کا شکار ہیں، ایسے میں گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران تین افراد کی ٹارگٹ کلنگ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کے امن قائم کرنے کے دعوے محض کاغذی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ اور کراچی میں آئے روز بےگناہ افراد کو فرقہ وارانہ بنیاد پر قتل کیا جا رہا ہے تاہم حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، اگر قتل و غارت گری کا یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو وطن عزیز کی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہو جائیں گے۔
 
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران ہنگو کے رہائشی نوجوان فیاض، پشاور میں ابرار حسین اور آج ریاض حسین شاہ کا قتل انتہائی تشویشناک امر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم صوبائی حکومت پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ خیبر پختونخوا میں ٹارگٹ کلنگ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری طور پر اس طرف توجہ دیتے ہوئے نوٹس نہ لیا تو احتجاج کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران ہونے والے قتل کے واقعات کا نوٹس لیا جائے اور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 229711
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش