QR CodeQR Code

خیبر پختونخوا حکومت ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کا فوری نوٹس لے، علامہ رمضان توقیر

10 Jan 2013 20:33

اسلام ٹائمز: ایس یو سی خیبر پختونخوا کے سربراہ کا ’’اسلام ٹائمز‘‘ کیساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر ٹارگٹ کلنگ کا یہ سلسلہ نہ رکا تو علامہ ساجد نقوی کی کال پر پورے پاکستان سے ملت تشیع اسلام آباد کا رخ کرے گی۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے صوبہ میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بم دھماکوں کے بعد ٹارگٹ کلنگ نے عوام کو شدید عدم تحفظ کا شکار کردیا ہے۔ صوبائی حکومت گذشتہ ڈیڑھ ہفتہ کے دوران فرقہ وارانہ بنیاد پر ہونے والے تین افراد کے قتل کا فوری نوٹس لے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ کیساتھ خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر سید ریاض شاہ کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، حکومت فوری طور پر ان کے قاتلوں کو گرفتار کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے اپنے دور اقتدار کے پہلے روز سے دہشتگردی کے خاتمے کا نعرہ لگایا لیکن اب حکومت کی مدت ختم ہونے کو ہے لیکن دہشتگردی کم ہونے کی بجائے بڑھی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ کراچی اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں اہل تشیع کو منظم انداز میں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ تاہم اگر دہشتگردی کے اس سلسلے کو صوبہ خیبر پختونخوا منتقل کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کیخلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملت تشیع میں اس قتل و غارت گری پر شدید غم و غصہ ہے، اور اگر ٹارگٹ کلنگ کا یہ سلسلہ نہ رکا تو علامہ ساجد نقوی کی کال پر پورے پاکستان سے ملت تشیع اسلام آباد کا رخ کرے گی۔ علامہ رمضان توقیر نے مزید کہا کہ مرکزی اور صوبائی حکومت کے پاس اپنی ساکھ بہتر بنانے کا یہ آخری موقع ہے کہ دہشتگردی کو ختم کیا جائے بصورت دیگر حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں کو آئندہ الیکشن میں عوام کے غیض و غصب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت گذشتہ ڈیڑھ ہفتہ کے دوران صوبہ میں قتل ہونے والے تین اہل تشیع کے کیسز کی تحقیقات اعلیٰ سطح پر کرائے اور دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔


خبر کا کوڈ: 229983

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/229983/خیبر-پختونخوا-حکومت-ٹارگٹ-کلنگ-کے-واقعات-کا-فوری-نوٹس-لے-علامہ-رمضان-توقیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org