QR CodeQR Code

گلگت بلتستان میں منصوبہ بندی کا نظام کمزور ہے، سجاد سلیم ہوتیانہ

11 Jan 2013 10:15

اسلام ٹائمز: محکمہ تعمیرات عامہ کے دفتر کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکریٹری نے کہا کہ سرکاری ملازمین پابندی وقت کا خاص خیال رکھیں اور اپنی تنخواہ کو حلال کریں۔


اسلام ٹائمز۔ چیف سیکریٹر ی گلگت بلتستان سجاد سلیم ہوتیانہ نے محکمہ تعمیرات عامہ کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور ملازمین کی حاضریاں چیک کیں۔ اس موقع پر انہوں نے دیر سے آنے والے ملازمین پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین اپنی تنخواہ حلال کرنے کے لئے وقت کی پابندی کا خاص خیال رکھیں اور دفتری اوقات کے مطابق ہی چھٹی کریں۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مختلف محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے کام کیا جا رہا ہے تاکہ مسائل دور ہوں اور دفتری امور خوش اسلوبی کے ساتھ طے پا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ بندی کا نظام کمزور ہے، حکومت ڈویلپمنٹ کی مضبوطی کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے گی تاکہ حکمت عملی کے تحت مختلف منصوبے اپنے مقررہ مدت میں پایہ تکمیل کو پہنچ سکیں۔

ایک سوال کے جواب میں چیف سیکریٹری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سردی پورے عروج پر ہے، کچھ مسائل کی وجہ سے ہیٹنگ فنڈز کی فراہمی میں دیر ہوئی ہے، تاہم ہیٹنگ فنڈز بہت جلد ریلز کر دیئے جائینگے تاکہ ملازمین کو ہیٹنگ کے سلسلے میں درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ صوبائی حکومت علاقے کی تعمیر و ترقی پر توجہ دے رہی ہے اور وزیراعلیٰ کی ہدایات کی روشنی میں زیر تعمیر منصوبوں کی فوری تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے کام کیا جا رہا ہے تاکہ ان منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو سہولیات دستیاب ہو سکیں۔


خبر کا کوڈ: 230031

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/230031/گلگت-بلتستان-میں-منصوبہ-بندی-کا-نظام-کمزور-ہے-سجاد-سلیم-ہوتیانہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org