0
Saturday 12 Jan 2013 12:09

سامراجی قوتیں پاکستان کا جغرافیہ تبدیل کرنا چاہتی ہیں، چوہدری عبدالمجید

سامراجی قوتیں پاکستان کا جغرافیہ تبدیل کرنا چاہتی ہیں، چوہدری عبدالمجید
 اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے جنگ بندی لائن پر بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ جس کے نتیجہ میں پاک فوج کے دوجوان شہید ہوئے کے خلاف 14 جنوری بروز پیر یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کرتے ہوئے اس دن آزاد کشمیر کے تمام ضلعی و تحصیل ہیڈکوارٹرز پر احتجاجی جلوس نکالنے، اسلام آباد میں بھارتی سفارتخانے میں احتجاجی مراسلہ دینے اور اوورسیز کشمیریوں کو عالمی اداروں کے سامنے احتحجاج کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جمعہ کے روز سنٹرل پریس کلب مظفرآباد میں جنگ بندی لائن پر بھارتی فوج کے حملے کیخلاف احتجاجی ریلی و جلسہ کا انعقاد کیا گیا جس سے وزیراعظم سمیت سپیکر اسمبلی سردار غلام صادق اور دیگر سیاسی رہنمائوں نے خطاب کیا۔ 

احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ پاکستان کے صدر نے ملکی دفاع کو مضبوط بناتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایک طرف پاکستان کی حکومت ملک کو درپش چیلجز سے نمٹنے میں فیصلہ کن پیش رفت کر رہی ہے جبکہ دوسری طرف سامراجی قوتیں پاکستان میں آمریت کی سازش کر رہی ہیں اور پاکستان کا جغرافیہ تبدیل کرنا چاہتی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایک طرف بھارت نے جارحیت شروع کر رکھی ہے اور دوسری طرف مذاکرات کی بات کی جاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم پاک فوج کو یقین دلاتے ہیں کہ جنگ بندی لائن کے دونوں اطراف میں کشمیری اس کے ساتھ ہیں۔ 

وزیراعظم نے بھارتی قیادت سے کہا کہ اگر تم جنوبی ایشیاء میں امن چاہتے ہو تو مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرو۔ ہم حریت کانفرنس سے بھی کہیں گے کہ وہ بھی بھارتی جارحیت کیخلاف احتجاج کریں۔ چوہدری عبدالمجید نے اوورسیز کشمیریوں سے بھی کہا کہ وہ بھی ۱۴جنوری کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہوئے بھارتی سفارتخانوں کے سامنے احتجاج کریں اور عالمی اداروں اور او آئی سی میں بھارتی جارحیت کے خلاف اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حق میں یادداشتیں پیش کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ 14 جنوری کو خود مظفرآباد میں احتجاجی جلوس کی قیادت کرینگے۔ انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے فنڈز بھی پاک فوج کو دے کر دفاع کو مضبوط کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 230390
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش