0
Sunday 4 Apr 2010 12:34

شاہ محمود کی سعودی ہم منصب سے ملاقات،باہمی تعلقات پر گفتگو

شاہ محمود کی سعودی ہم منصب سے ملاقات،باہمی تعلقات پر گفتگو
ریاض:اسلام ٹائمز-آج نیوز کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب نے سیاسی مشاورت کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس بلانے پر اتفاق کیا ہے۔جدہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب شہزادہ سعود الفیصل سے ملاقات کی۔اس موقع پر پاکستان نے افغانستان میں بھارتی مداخلت پر تشویش سے سعودی عرب کو آگاہ کیا۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات،افغانستان کی صورتحال اور دیگر اہم امور زیر بحث آئے۔سعودی وزیر خارجہ نے پاکستانی ہم منصب کو بھارتی وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب کی تفصیلات بتائیں۔
نیوز بریفنگ میں شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ دونوں ملکوں نے سیاسی مشاورت بڑھانے کیلئے سیکریٹری خارجہ کی سطح پر مذاکرات اور مشترکہ وزارتی اجلاس بلانے پر اتفاق کیا۔پاک سعودی وزرائے خارجہ نے آدھا گھنٹہ ون آن ون ملاقات بھی کی۔ایک سوال پر وزیر خارجہ نے بتایا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ پاکستان سے اختلافات ختم کرانے کیلئے بھارت،سعودی عرب کے کردار میں دلچسپی رکھتا ہے۔ 
جنگ نیوز کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ریاض میں اپنے سعودی ہم منصب سعود الفیصل سے ملاقات کی،جس میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے پاک سعودی تعلقات کو اسٹریٹجک تعلقات سے بڑھ کر قرار دیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔
وزیر خارجہ نے خادم الحرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز سے ملاقات میں انھیں صدرزرداری اور وزیراعظم گیلانی کے تہنیتی پیغامات پہنچائے۔اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی کو بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کے دورہ سعودی عرب کے بارے میں بریف کیا۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور سعودی عرب کے دو طرفہ تعلقات سے پاک سعودی عرب تعلقات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا بلکہ اس سے پاکستان کو مدد ملے گی۔دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دریں اثناء وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ریاض میں پاکستانی کمیونٹی سے بھی خطاب کیا۔اپنے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان میں عدلیہ آزاد ہے اور موجودہ جمہوری حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرے گی۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کی گاڑی صحیح سمت میں جا رہی ہے۔انھوں نے کہا ملک میں جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے اور موجودہ جمہوری حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرے گی۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آج پاکستان میں عدلیہ آزاد ہے اور حکومت عدالتی فیصلوں کا احترام کرتی ہے۔





خبر کا کوڈ : 23050
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش