0
Monday 14 Jan 2013 01:26

سانحہ کوئٹہ پر صرف اہل تشیع ہی نہیں تمام اسلامیان پاکستان غم میں ڈوبے ہوئے ہیں، لیاقت بلوچ

سانحہ کوئٹہ پر صرف اہل تشیع ہی نہیں تمام اسلامیان پاکستان غم میں ڈوبے ہوئے ہیں، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کراچی میں مسلسل ٹارگٹ کلنگ کے بعد اب کوئٹہ میں اہل تشیع خصوصاً ہزارہ برادری کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ اور انسان کشی کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علمدار روڈ کے خوفناک اور المناک واقعہ پر پوری قوم سراپا احتجاج ہے۔ صرف اہل تشیع ہی نہیں تمام اسلامیان پاکستان غم میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ اہل تشیع احتجاج میں حق بجانب ہیں، ہم اس غم اور دکھ میں شریک ہیں۔ لیاقت بلوچ نے ان خیالات کا اظہار کوئٹہ میں ہزارہ برادری کے دھرنا کے شرکاء سے ٹیلی فونک خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔ اسی طرح صدر آصف زرداری کی سربراہی میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں ناکام ہوگئی ہیں۔ عوام کو حکمرانوں پر ہر اعتبار سے اعتماد ختم ہوگیا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کے جاں و مال اور عزت کے تحفظ میں ناکام ہیں۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ ملک میں حالات ٹھیک کرنے، سیاسی اور جمہوری عمل کے تحفظ کے لیے اب ناگزیر ہوگیا ہے کہ آئین کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلیاں توڑ دی جائیں اور بلا تاخیر عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائے۔ آئین کے مطابق قومی اتفاق رائے کی عبوری حکومت بنائی جائے اور آئین کے مطابق ہی انتخابات کرائے جائیں۔ بلوچستان حکومت نااہل اور بے حس ہے، استعفٰی دینا وزیراعلٰی کے اخلاقیات میں شامل نہیں، اس لیے بلوچستان میں فوری طور پر گورنر راج نافذ کیا جائے۔ کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے مجرموں کو بے نقاب کیا جائے اور عبرتباک سزا دی جائے۔ اس سے پہلے لیاقت بلوچ نے لالہ موسی میں مجلس وحدت مسلمین کے جی ٹی روڈ پر احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی اور خطاب کیا اور مظاہرین کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
خبر کا کوڈ : 230957
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش