0
Monday 14 Jan 2013 19:32

امریکہ ہمارا کھلا دشمن ہے، سید وسیم اختر

امریکہ ہمارا کھلا دشمن ہے، سید وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ امریکہ مسلمانوں اور اسلام کے خلاف سرگرم عمل ہے، 2004 میں برطانیہ نے سرکاری طور پر تسلیم کیا ہے کہ عراق میں اب تک ایک لاکھ سے زائد شہری مارے گئے جبکہ اس کے بعد سے اب تک اعدادوشمار جاری کرنے کی زحمت تک گوارا نہیں کی گئی، برٹش اوپینین ریسرچ بزنس کے سروے کے مطابق پندرہ لاکھ تک عراقی شہری ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ براؤن یونیورسٹی کے واٹسن انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل سٹڈیز کے مطابق دونوں جنگوں پر 44 سو ارب ڈالر کے اخراجات نے امریکی معیشت کو 16 ہزار ارب ڈالر کا مقروض کر دیا ہے۔

لاہور میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ کے حلیف ہونے کے باوجود پاکستان کی سلامتی کا سوال اٹھ رہا ہے، ملک کو اس وقت مخلص قیادت کی ضرورت ہے جو ملک کو تباہ ہونے سے بچا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تائید اور اللہ کی جانب سے فتح کی بشارت تبھی حاصل ہو گی جب حکمران امریکہ سے ناطہ توڑ کر اﷲ سے ناطہ جوڑیں گے، ملک کی سب سے بڑی خرابی اور بد نصیبی یہ ہے کہ وہ لوگ ہم پر مسلط ہو گئے ہیں جو ملک کے مفاد کو عزیز رکھنے کی بجائے امریکی مصلحت کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہماری زندگی کا مقصد اﷲ رب العزت کی بندگی اور رسول(ص) کی سنتوں پر عمل کرنا ہے، قرآن پاک میں جو نظام بتایا گیا ہے وہی انصاف پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک قرآن کا نظام اس ملک میں نافذ نہیں ہو گا عدل و انصاف کے تقاضے پورے ہو سکتے ہیں اور نہ ہی پاکستان حقیقی معنوں میں خودمختار بن سکتا ہے، ہمیں مکمل یکسوئی کے ساتھ قرآن کے نظام کو نافذ کرنے کے لیے سعی کرنا ہو گی اور اس کے لئے سب سے پہلے امریکہ کی اس نام نہاد جنگ سے پیچھا چھڑانا ہو گا، محض چند ڈالروں کے عوض سیاسی و عسکری قیادت اپنے ہی لوگوں کے خلاف مورچہ زن ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ہمارا کھلا دشمن ہے، اس کے پاکستان میں دو مقاصد ہیں، ایٹمی پروگرام کو ختم کرنا اور ملک میں قرآن و سنت کا نظام نافذ نہ ہونے دینا، ہمارا دشمن ہمیں تہہ و بالا کرنے کی سازشیں کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک قائم ودائم ہے تو سب کچھ ہے، موجودہ فرسودہ نظام کو درست کرنا ہو گا، ملکی صورتحال کے پیش نظر عام انتخابات کا انعقاد ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اگر کوئی جماعت بھرپور انداز میں امریکی نام نہاد جنگ کے خلاف کھڑی ہے تو وہ صرف اور صرف جماعت اسلامی ہے، حکمران ٹولہ امریکہ اور اس کے حواریوں کو راضی کرنے اور وہ امریکی ایجنڈے کو یہاں نافذ کرنا چاہتا ہے، اس گھناؤنی سازش میں کئی غیر ملکی فنڈز پر چلنے والی نام نہاد این جی اوز بھی شامل ہیں، اچھی اور نیک صالح قیادت ہی ملک میں انقلاب برپا کر سکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 231208
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش