QR CodeQR Code

احباب پاکستان نے سیکورٹی و اقتصادی تعاون کی یقین دہانی کرادی

2 Apr 2009 11:41

ٹوکیو میں17اپریل کو ہونے والے فرینڈز آف پاکستان کے وزارتی اجلاس کی تیاری کے سلسلے میں ابوظہبی میں 19ممالک اور عالمی مالیاتی اداروں کے ماہرین کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان کو درپیش سیکورٹی و معاشی چیلنجز


دبئی(آن لائن) ٹوکیو میں17اپریل کو ہونے والے فرینڈز آف پاکستان کے وزارتی اجلاس کی تیاری کے سلسلے میں ابوظہبی میں 19ممالک اور عالمی مالیاتی اداروں کے ماہرین کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان کو درپیش سیکورٹی و معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا گیا اور کہا گیا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی خطے کے امن و استحکام کیلئے انتہائی ضروری ہے۔بدھ کے روز منعقدہ فرینڈز آف ڈیمو کریٹک پاکستان (ایف او ڈی پی) اجلا س متحدہ عرب امارات(یو اے ای )کی میزبانی میں ہوا۔پاکستان کی نمائندگی صدر کے سیکرٹری جنرل سلمان فاروقی نے کی جبکہ ماہرین کی سطح کے اہم اجلا س کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان کی صلاحیت اور طاقت میں اضافے کیلئے فرینڈز آف پاکستان کا پلیٹ فارم انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔آئندہ ڈونرز کا نفرنس میں پاکستان کیلئے مالی امداد مشکلات کے ازالے میں انتہائی مددگار ثابت ہوگی،پاکستان ملینیم ترقیاتی اہداف (ایم ڈی جیز)کے حصول کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے جن میں سر فہرست غربت کا خاتمہ، دیرپا اقتصادی ترقی،انسانی وسائل کی ترقی کیلئے سرمایہ کاری کا حصول ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں ہمیں کئی چیلنجز کا سامنا ہے جن میں سلامتی کی صورتحال میں بہتری لانا اور دوسرا گرتی ہوئی اقتصادی صورتحال کو سنبھالنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری نظریں آئندہ کے وزارتی اجلاس پر ہیں امید ہے پاکستان میں ترقی و دیرپا امن کیلئے بھر پور مددکی جائے گی اور فرینڈز آف ڈیمو کریٹک پاکستان (ایف او ڈی پی) اور امدادی کانفرنس سیاسی، تکنیکی و مالی سطح پر پاکستان کی بھر پور مدد کی جائے گی جبکہ ٹوکیو اجلا س پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک مضبوط ملک بنانے کی جانب اہم قدم ہو گا ۔فرینڈز آف پاکستان میں آسٹریلیا،کینیڈا،چین، ڈنمارک،فرانس،جرمنی، اٹلی، ناروے،ہالینڈ،جنوبی کوریا،سعودی عرب،اسپین، سوئیڈن، ترکی،یو اے ای،برطانیہ،امریکا،ایشیائی ترقیاتی بینک،یورپین کمیشن،یورپی یونین،اسلامی ترقیاتی بینک،اقوام متحدہ اور عالمی بینک کے نمائندگان موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 2314

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/2314/احباب-پاکستان-نے-سیکورٹی-اقتصادی-تعاون-کی-یقین-دہانی-کرادی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org