0
Thursday 17 Jan 2013 15:03

قاضی حسین احمد امت کے اتحاد و یکجہتی کی علامت تھے، امیر العظیم

قاضی حسین احمد امت کے اتحاد و یکجہتی کی علامت تھے، امیر العظیم
اسلام ٹائمز۔ قاضی حسین احمد مستحکم جذبہ، باحوصلہ، دور اندیش اور امت مسلمہ میں اتحاد و یکجہتی کی علامت تھے۔ فیصلہ اور پھر اس پر عمل کرنا ان کے اسی فعل نے جماعت کو بھی ایک روشن منزل کا مسافر بنا دیا۔ یہ روشن منزل نفاذ دین اسلام کی منزل ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پنجاب کے نائب امیر العظیم نے جڑانوالہ کی جامعہ مسجد خضریٰ میں جماعت اسلامی کے سابق امیر قاضی حسین احمد اور سابق نائب امیر پروفیسر غفور احمد کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قاضی حسین احمد نے عالم اسلام کے اتحاد اور یکجہتی کیلئے بے تکان جدوجہد سے ایک سنہری تاریخ رقم کی۔ یہی وجہ تھی کہ عالم اسلام میں انہیں بے حد اہم مقام حاصل تھا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو نئی فکر اور نئی جہتوں سے روشناس کروانے کا سہرا بھی انہی کے سر ہے۔

امیر العظیم نے کہا کہ امت مسلمہ ایک عظیم لیڈر سے محروم ہوگئی ہے۔ اور ان کا خلا صدیوں پورا نہیں ہو گا۔ قاضی حسین احمد صرف جماعت اسلامی کے ہی نہیں بلکہ امت مسلمہ پاکستان کا سرمایہ تھے۔ وہ ملت کو قدرے مشترک اور درد مشترک پر اکھٹا کرنا چاہتے تھے۔ قاضی حسین احمد جذبہ اخوت، ایمان، محبت اور خلوص سے لبریز شخصیت کے مالک تھے اور ایک عالم باعمل کی صورت اُنہوں نے اپنی زندگی اُمت مسلمہ کی وحدت و سرفرازی کیلئے وقف کر رکھی تھی اور اپنی حیات کے آخری سانس تک عالم اسلام کی سربلندی اور باطل کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جو کردار اُنہوں نے ادا کیا وہ ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ان کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے لے لئے وحدت و اتحاد اور یکجہتی کی کوشش کو جاری رکھنا ہو گا۔ سامراجی قوتیں ایک ہو کر امت مسلمہ کے ساتھ صف آرا ہیں لہذا ہمیں چاہے کہ ہم ایک ہو کر ان کا مقابلہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 231943
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش