0
Thursday 17 Jan 2013 22:47

منظر امام اور ان کے محافظوں کا قتل شہر کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے، الطاف حسین

منظر امام اور ان کے محافظوں کا قتل شہر کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے اورنگی ٹاؤن میں مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے رکن سندھ اسمبلی منظر امام اور ان کے محافظوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے رکن سندھ اسمبلی منظر امام اور ان کے محافظوں کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور دہشت گردی کے واقعہ کو بزدلانہ کارروائی اور شہر کا امن تباہ کرنے کی گھناؤنی سازش قرار دیا۔ الطاف حسین نے کہا کہ اس سے قبل ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی رضا حیدر سمیت ایم کیو ایم کے سینکڑوں کارکنان اور ہمدردوں کو دہشت گردی کا نشانہ بناکر قتل کیا جاچکا ہے اور ان کے قاتلوں کو آج تک کیفر کردار تک نہیں پہنچایا گیا اور سفاک دہشت گردوں کو بے گناہ کارکنان و عوام کے قتل کی کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے بے گناہ کارکنان کو خاک و خون میں نہلانے والے انسانیت کے کھلے دشمن ہیں اور ایسے مجرم عناصر کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے کارکنان و عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ دہشت گردی کے اس واقعہ پر ہرگز مشتعل نہ ہوں اور شہر کا امن غارت کرنے کی سازش کو سمجھیں اور پرامن رہ کر کراچی کا امن تباہ کرنے کی مکروہ سازش کو ناکام بنادیں۔

الطاف حسین نے کہا کہ منظر امام کا بہیمانہ قتل، ملک بھر میں جاری دہشت گردی کا تسلسل ہے جس نے زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی جان و مال کو شدید عدم تحفظ کا شکار بنا رکھا ہے۔ الطاف حسین نے وفاقی، سندھ کی صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان سے پرزور مطالبہ کیا کہ رکن سندھ اسمبلی منظر امام اور ان کے محافظوں کے سفاکانہ قتل کے واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے اور سفاک قاتلوں کو گرفتار کرکے سخت ترین سزا دی جائے۔ الطاف حسین نے منظر امام شہید سمیت تمام شہداء کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیو ایم کے تمام کارکنان و عوام آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ منظر امام شہید سمیت تمام شہداء کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور سوگوار لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔
خبر کا کوڈ : 232168
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش